ہمارا کوئی اقدام جمہوریت کو غیر مستحکم کرنے کیلئے نہیں ہوگا،قمر زمان کائرہ،دہشت گردوں کی معاونت کرنے والوں کو ضرور سزا ملنی چاہیے،پیپلز پارٹی کو دہشت گردوں کے ساتھ جوڑنا افسوسناک ہے،ہمیشہ جمہوریت کی بقاء کیلئے جانوں کے نذرانے پیش کئے،تمام ادارے اپنی حدود میں رہ کر کام کریں ،مفاہمت کی پالیسی جماعت کیلئے نقصان دہ ثابت ہوئی ہے،بلدیاتی الیکشن میں کسی سے اتحاد نہیں کریں گے،پیپلز پارٹی رہنما کی دبئی میں پریس کانفرنس

بدھ 9 ستمبر 2015 09:42

دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔9ستمبر۔2015ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما وسابق وزیر اطلاعات و نشریات قمر الزمان کائرہ نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ جمہوریت کی بقاء کے لیے جانوں کے نذرانے پیش کئے ہیں، ہمارا کوئی اقدام جمہوریت کو غیر مستحکم کرنے کیلئے نہیں ہوگا بلکہ جبر کیخلاف پارلیمان اور عدالتوں میں جد جہد کرتے رہیں گئے ،دہشت گردوں کی معاونت کرنے والوں کیخلاف ضرور کارروائی ہونی چاہیے لیکن ادارے اپنی حدود سے تجاوز نہ کریں،مفاہمت کی پالیسی جماعت کے لیے نقصان دہ ثابت ہو ئی ہے ، بلدیاتی انتخابات میں پیپلز پارٹی قومی سطح پر کسی سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ یا اتحاد نہیں کرے گی ۔

ان خیا لا ت کا اظہار انہوں نے منگل کے روز دبئی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

قمر الزمان کائر ہ نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ دہشت گردی کی مخالفت کی ہے اور آج ہمیں ہی دہشت گردوں کے ساتھ جوڑا جا رہا جو قابل افسوس ہے ، ہم نے ہمیشہ دہشت گردوں کے خلاف جنگ لڑی اور اس جنگ میں ہماری قائد محترمہبینظیر بھٹو نے شہادت نوش کی ہے ۔

انہوں نے کہا ہے کہ یہ تاثر بلکل غلط ہے کہ پی پی پی کراچی میں دہشت گردوں کیخلاف شروع کیے گئے آپریشن کی وجہ سے حکومت پر دباؤ ڈالنے کے لیے قومی اسمبلی سے استعفے دینے کا سوچ رہی ہے ،دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں ہونی چاہیے لیکن ادراے اپنی حدود میں رہ کر کام کریں ،جب ادارے اپنے اختیارات سے تجاوز کر لیں تو ہونے والا کام بھی خراب ہو جاتا ہے ،انہوں نے کہا کہ ہم نے پی ٹی آئی کے استعفوں پر حکومت کا ساتھ دیا خود استعفے دینا کا سوال ہی نہیں پیدا ہوتا ہم ملک میں نظام کو جاری رکھنا چاہتے ہیں جمہوریت کی مظبوطی ملک کے مفاد میں ہے پیپلز پاڑٹی جمہوری نظام کو غیر مستحکم کرنے کے لیے کوئی اقدام نہیں اٹھائے گی ،بلکہ اپنے اوپر ہونے والے جبر کیخلاف عدالتوں اور پارلیمان میں جد وجہد کرے گی ، قمر الزمان کائر ہ نے کہا کہ یہ بات درست ہے کہ عوام سطح پر پیپلز پارٹی کی تائید میں کمی واقع ہوئی ہے لیکن پیپلز پارٹی ابھی ملک کی سب سے بڑی پارٹی ہے پارٹی کے کچھ غلط فیصلوں کی وجہ سے کچھ کارکن ناراض ہوئے ہیں اور ملک میں جمہوریت کی بقاء کے لیے جاری مفاہمت نقصان دہ ثابت ہوئی لیکن پیپلز پارٹی نے اپنا نقصان کر کے ملک کو فائدہ دیا ہے ،انہوں کہا کہ ہمیں اپنی غلطیوں سے سبق سیکھنے کی ضرورت ہے اصلاح نہ کی گئی تو مزید تنزلی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے ،ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی پنجاب اور سندھ کے بلدیاتی انتخابات میں کسی سیاسی جماعت سے قومی سطح پر اتحاد یا سیٹ ایڈ جسٹمنٹ نہیں کرے گی ،سیاسی جاعتوں کی طرف سے صوبائی قیادتوں کو اجازت دی گئی ہے کہ اپنی ضرورت کو سمجھتے ہوئے جہاں مناسب سمجھیں ان ان پارٹیوں سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کر لیں ۔