لا ہورہائی کورٹ کا الطاف حسین کی تقریر ، بیان، سرگرمیاں اور تصاویر نشر یا شائع نہ کرنے کا حکم ،وزیر اعظم نے آئین و قانون کی پاسداری کا حلف اٹھایا ہے، ذمہ داریاں پوری کرے،عدالتی ریمارکس،آئندہ پیشی پر الطاف حسین کی شہریت کا ریکارڈ پیش کرنے کا حکم،مزید 18 ستمبر تک ملتوی،پیمرا کا ایم کیو ایم قائد الطاف حسین سے متعلق تمام خبریں شائع ونشر کرنے پر پابندی کا حکم نامہ جاری

منگل 8 ستمبر 2015 09:55

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔8ستمبر۔2015ء) ہائی کورٹ نے ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کی تقریر ، بیان، سرگرمیاں اور تصاویر نشر یا شائع نہ کرنے کا حکم دے دیا۔پیر کے روز لاہور ہائی کورٹ کے 3 رکنی فل بینچ ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین اور رابطہ کمیٹی کے ارکان کے خلاف غداری کے مقدمے کے اندراج کے لئے دائر درخواستوں کی سماعت کی، سماعت کے دوران ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت عالیہ کو بتایا کہ پیمرا نے الیکٹرانک میڈیا کو ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کی تقاریر اور بیانات نشر نہ کرنے کی ہدایت کردی ہے، جس پر عدالت نے برہمی کا ظہار کرتے ہوئے کہا کہ پیمرا نے اس بارے میں عمومی ہدایات جاری کی ہیں۔

پیمرا کی جانب سے الطاف حسین کی تقاریرنشرکرنے سے روکنے کے حکم میں عدالتی ہدایات شامل کی جائیں،عدالت نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل کو مخاطب کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ وزیراعظم نے آئین اور قانون کی پاسداری کا حلف اٹھایا ہے، وہ اپنی آئینی ذمہ داریاں پوری کریں۔

(جاری ہے)

جس پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا کہ وزیر اعظم اپنی آئینی ذمہ داریاں پوری کریں گے،ہائی کورٹ نے درخواستوں کی سماعت 18 ستمبرتک ملتوی کرتے ہوئے حکومت کو حکم دیا کہ آئندہ پیشی پر الطاف حسین کی شہریت سے متعلق تفصیلات آئندہ سماعت پرپیش کی جائیں جبکہ ٹی وی چینلز اور اخبارات میں الطاف حسین کی تقریر، بیانات اور تصاویر شائع نہ کی جائیں۔

ادھرپاکستان الیکٹرونک میڈیا ریگولیٹری تھارٹی پیمرا نے ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین سے متعلق تمام خبریں شائع و نشر کرنے پر پابندی کا حکم نامہ جاری کردیا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق پیمرا کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پیمرا نے ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کی تقریر،تصویر دکھانے پر پابندی عائد کردی۔بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ پیمرا نے لاہور ہائی کورٹ کے احکامات پر عملدرآمد کرکے الطاف حسین سے متعلق تمام خبریں،تقاریر،بیانات،تصاویر شائع کرنے پر فی الفور پابندی لگا دی ہے۔

پیمرا بیان میں یہ بھی کہنا ہے کہ اعلیٰ عدالتی حکم نامے پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے،حتی کہ الطاف حسین سے متعلق جملے اور نام تک ٹی وی چینل پر شائع نہ کیا جائے،واضح رہے کہ ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے پاکستان کے خلاف بھارت سے امداد طلب کرنے کی درخواست کی تھی