تحریک انصاف کا الیکشن ٹریبونلز کی مدت ملازمت میں توسیع کا مطالبہ ،ججوں کو (ن) لیگ کے دباؤ پر ہٹایا گیا،مدت ملازمت میں توسیع نہ دینے سے انصاف کے تقاضے پورے نہیں ہوتے،جہانگیر ترین کا چیف الیکشن کمشنر کو خط

منگل 8 ستمبر 2015 09:54

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔8ستمبر۔2015ء)پاکستان تحریک انصاف نے الیکشن ٹریبونلز کی مدت ملازمت میں توسیع کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ججوں کو (ن) لیگ کے دباؤ پر ہٹایا گیا،مدت ملازمت میں توسیع نہ دینے سے انصاف کے تقاضے پورے نہیں ہوتے۔

(جاری ہے)

پیر کے روز عمران خان کی ہدایت پر جہانگیر ترین کی جانب سے چیف الیکشن کمشنر سردار رضا کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ 31اگست کو الیکشن ٹریبونل کے تین ججز کی مدت ملازمت پوری ہوئی جنہیں توسیع نہیں دی گئی ان ججوں کی مدت نہ بڑھانے سے زیر سماعت مقدمات میں تعطل پیدا ہوگا،الیکشن ٹریبونل میں ابھی ہزاروں درخواستیں باقی ہیں،ججوں کی مدت میں توسیع نہ کرنا حیران کن ہے۔

جہانگیرترین نے خط میں یہ بھی لکھا کہ این اے118اور128 کی درخواستیں فیصلے کے قریب ہیں،الیکشن کمیشن نے صرف ان تین ججوں کو توسیع نہیں دی جنہوں نے تحریک انصاف کے حق میں فیصلے دئیے ہیں اس میں کوئی شک نہیں کہ ان ججوں کو(ن) لیگ کے دباؤ پر ہٹایا گیا ہے،ججوں کی مدت ملازمت میں توسیع نہ کرنے سے انصاف کے تقاضے پورے نہیں ہوتے،ان ججوں کی مدت ملازمت میں تمام کیسوں کے فیصلوں تک توسیع کی جائے