سردار ایاز صادق نے این اے ایک سو بائیس کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کر دیا،عوامی میدان سے نہیں بھاگ رہے ، صرف تاریخ کی درستگی چاہتے ہیں،وکلاء سابق سپیکر

منگل 8 ستمبر 2015 09:54

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔8ستمبر۔2015ء )سابق سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے این اے ایک سو بائیس کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کر دیا ، ایاز صادق کے وکلا کا کہنا ہے کہ عوامی میدان سے نہیں بھاگ رہے ، صرف تاریخ کی درستگی چاہتے ہیں۔سردار ایاز صادق کی جانب سے بیرسٹر اسجد نے سپریم کورٹ رجسٹری لاہور میں اپیل دائر کی ، اپیل 3 ہزار سے زائد صفحات پر مشتمل ہے۔

(جاری ہے)

اپیل میں کہا گیا کہ این اے 122 کا فیصلہ حقائق کے برعکس ہے ، انتخابی بے قاعدگیوں کا ذمہ دار سردار ایاز صادق کو نہیں ٹھہرایا جا سکتا۔ سردار ایا زصادق نے اپیل میں ٹربیونل کے فیصلے کے خلاف حکم امتناعی جاری کرنے کی استدعا نہیں کی۔سردار ایاز صادق نے ٹربیونل کی جانب سے عائد 25 لاکھ روپے جرمانے کے خلاف حکم امتناعی کی استدعا کی۔ اپیل میں کہا گیا کہ ٹربیونل کے جج کاظم ملک نے جرمانہ غیر قانونی طور پر عائد کیا۔ایاز صادق کے وکیل کا یہ بھی کہنا تھا کہ اپیل کا فیصلہ جو بھی ہو ، سردار ایاز صادق عوام میں ضرور جائیں گے۔