ملک بھر میں یوم دفاع ملی جوش وجذبے سے منایا گیا،مزار قائد اور مزار اقبال پر پروقار تقریبات کا انعقاد ، شہدا سے اظہار یکجہتی کیلئے ملک بھر میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی،اسلام آباد نیول ہیڈکوارٹر میں یوم دفاع کے حوالے سے تقریب ، پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد ذکاء اللہ کی شرکت ،نماز فجر کے بعدملکی سلامتی اور 65ء کی جنگ شہدا کے لیے خصو صی دعائیں

پیر 7 ستمبر 2015 09:28

لاہور/اسلا م آ با د (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔7ستمبر۔2015ء) 1965 کی جنگ میں دشمن کو ناکوں چنے چبوانے والے بہادر سپوتوں کو قوم کا سلام ، جنگ ستمبر کی فتح کے 50 سال مکمل ہونے پر ملک بھر میں یوم دفاعملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا ، شہدا سے اظہار عقیدت کے لیے ملک بھر میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی ، مزار قائد اور مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی سمیت ملک بھر کے شہروں میں باوقار تقریب ہوئیں ،یوم دفاع پر ملک بھر میں دن کا آغاز نماز فجر کے بعد ملکی سلامتی اور جنگ کے ستمبر کے شہدا کے لیے خصوصی دعاوں سے ہوا۔

تمام چھوٹی بڑی مساجد میں یوم دفاع پر نماز فجر کے بعد ملکی سلامتی کے لیے خصوصی دعا مانگی گئی۔خدائے بزرگ و برتر کے حضور ملک کی خوشحالی ،سلامتی اور جنگ ستمبر کے شہدا کے بلند درجات کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔

(جاری ہے)

یوم دفاع اور شہدائے پاکستان کا آغاز وفاقی دارالحکومت اسلام آبادمیں 31 جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں 21,21توپوں کی سلامی سے ہوا۔

بھارتی تکبر کو پاش پاش کرنے والی 195 کی جنگ کو 50 برس مکمل ہونے پر قوم نے یوم دفاع بھرپور ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا،،، یوم دفاع کے موقع پر ملک بھر میں ایک منٹ کے لیے خاموشی اختیارکی گئی۔ مزار قائد پر ہونے والی پرشکوہ تقریب میں 6 خواتین سمیت فضائیہ کے 75 کیڈٹس نے حصہ لیا۔ مہمان خصوصی پی ایف اکیڈمی رسالپور کے ائیر آفیسر کمانڈنگ ائر وائس مارشل عاصم ظہیر نے پریڈ کا معائنہ کیا۔

پاک فضائیہ کے چاق و چوبند دستے نے سلامی دی اور گارڈز کے فرائض سنبھالے۔ ائیرآفسر کمانڈنگ ائیر وائس مارشل عاصم ظہیر سمیت تینوں مسلح افواج کے نمائندوں نے مزار قائد پر حاضری دی ، پھولوں کی چادر چڑھائی ، فاتحہ خوانی کی اور بابائے قوم کو خراج عقیدت پیش کیا۔ائیر وائس مارشل عاصم ظہیر نے کہا پاک فضائیہ دنیا کی بہترین فورس ہے۔ دشمن نے حملے کی کوشش کی تو اسے منہ توڑ جواب دیا جائے گا ، کراچی ملیر کینٹ میں پاک آرمی کی پریڈ اور سلامی کی تقریب ہوئی جس کے مہمان خصوصی میجر جنرل شہزاد نعیم 25 میکنزم تقریب تھے۔

لاہور میں مزار اقبال پر یوم دفاع پاکستان پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب ہوئی۔ رینجرز کے چاق و چوبند دستے نے روایتی انداز میں مزار کو سلامی دی۔ بریگیڈئیر بلال جاوید اور میجر جنرل سردار طارق امان نے مزار اقبال پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔ لاہور میں رینجرز ہیڈکوارٹر میں بھی شاندار خصوصی تقریب ہوئی۔ مہمان خصوصی ڈی جی رینجرز میجر جنرل عمر فاروق برکی نے یادگار شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی ، یادگار شہدا پر شہدا کے درجات کی بلندی کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی۔

اسلام آباد میں نیول ہیڈکوارٹر میں یوم دفاع کے حوالے سے تقریب ہوئی جس میں پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد ذکاء اللہ نے شرکت کی۔ یوم دفاع کے موقع پر کرنل شیر خان سٹیڈیم میں یوم دفاع کے سلسلہ میں شاندار تقریب ہوئی ، مہمان خصوصی کور کمانڈر پشاور لیفٹننٹ جنرل ہدایت اللہ نے پریڈ کا معائنہ کیا۔ کوئٹہ میں ایوب سٹیڈیم میں یوم دفاع کی پروقار تقریب ہوئی جس میں کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹنٹ جنرل ناصر جنجوعہ اور وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر مالک نے شرکت کی۔

اس موقع پر جنرل راحیل شریف کا بیان پڑھ کر سنایا گیا ، بہاولپور میں ہونے والی شاندار تقریب میں کور کمانڈر بہاولپور لیفٹننٹ جنرل جاوید اقبال نے یادگار شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔ ادھر پاکستان کی دشمن پر فتح کے پچاس برس مکمل ہونے پر مختلف شہروں میں فوجی ہتھیاروں کی نمائش بھی جاری ہے۔

متعلقہ عنوان :