تحریک انصاف کوہاٹ کے چاروں اراکین اسمبلی کو پارٹی ڈسپلن کے خلاف ورزی ،وفا داریاں تبدیل کرنے پر شو کاز نوٹسزجاری

اتوار 6 ستمبر 2015 10:13

کوہاٹ (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔6ستمبر۔2015ء )پاکستان تحریک انصاف کوہاٹ کے چاروں اراکین اسمبلی کو پارٹی ڈسپلن کے خلاف ورزی اور اپنی وفا داریاں تبدیل کرنے پر شو کاز نوٹسزجاری کر دیئے گئے ہیں۔ضلعی و تحصیل چےئرمین اور وائس چےئرمین انتخابات کے دوران ضلعی چیئرمین شپ گنوانے ،پارٹی کو سپورٹ نہ کرنے‘ رشتہ داروں کو جتوانے اور علیحدہ گروپ تشکیل دے کرامیدواروں کو کھڑا کرنے کی پاداش میں آٹھ دن کے اندر اندر شوکاز نوٹس کا جواب طلب کر لیا گیا ہے ۔

تفصیلات کے مطابق ضلعی اور تحصیل انتخابات کے دوران عوام کی طرف سے بد ترین تنقید کے بعد پارٹی رولز کی خلاف ورزی پر ممبر قومی اسمبلی شہریار آفریدی صوبائی وزیر قانون امتیاز شاہدقریشی ‘صوبائی مشیر وزیر کھیل اور ثقافت امجد خان آفریدی اور ممبر صوبائی اسمبلی ضیا ء اللہ بنگش کو پی ٹی آئی سکریٹریٹ کی جانب سے شوکاز نوٹسز جاری کر دیے گئے ‘ ذرائع کے مطابق مرکزی و صوبائی قائدین کو ادراک ہوا کہ کوہاٹ میں پی ٹی آئی اکثریتی پارٹی ہونے اور بلدیاتی الیکشن میں اکثریت حاصل کرنے کے باوجود ضلعی اور تحصیل چےئرمین شپ حاصل کیوں نہ کر سکی ۔

(جاری ہے)

تحقیقات کے بعد پی ٹی آئی کوہاٹ کے چاروں اراکین اسمبلی نے ذاتی مفادات اور انا کی خاطر اکثریتی پارٹی ہونے کے باوجود چیئرمین شپ کی کرسی جمعیت علماء اسلام اور وائس چےئرمین شپ کی کرسی پاکستان مسلم لیگ ن کی جھولی میں ڈال دی۔اس حوالے سے ثابت ہوا ہے کہ اراکین کے آپس میں اختلافات اور جھگڑوں کے باعث اکژیتی پارٹی کی بینٹھ چڑھا کر چےئرمین شپ کی کرسی گنوا دی گئی جس پر ورکروں میں بھی غم و غصے کی لہر دوڑ گئی ہے۔