گوجرانوالہ کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے قائد ایم کیو ایم الطاف حسین کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری، کراچی کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے الطاف حسین کواشتہاری ملزم قراردیدیا، تفتیشی افسرسے 22ستمبرکوتفصیلی رپورٹ طلب

اتوار 6 ستمبر 2015 10:10

گوجرانوالہ (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔6ستمبر۔2015ء) گوجرانوالہ کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے 10 ستمبر کو پیش کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق گوجرانوالہ کے مقامی شہری کی جانب سے الطاف حسین کے خلاف تھانہ کگھڑ منڈی میں درخواست دائر کی گئی تھی کہ ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے لندن میں بیٹھ کر ملک مخالف بیانات اداروں پر تنقید کی ہے۔

الطاف حسین نے ہندوستانی خفیہ ایجنسی را سے مدد مانگی ہے۔ الطاف حسین غداری کے مرتکب ہوئے ہیں انکے خلاف آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی کی جائے جس پر عدالت نے الطاف حسین کے ناقابل وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے 10 ستمبر کو عدالت مین پیش کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

(جاری ہے)

ادھر کراچی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے متحدہ کے قائد الطاف حسین کواشتہاری ملزم قراردیتے ہوئے تفتیشی افسرسے 22ستمبرکوتفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے۔

ہفتہ کو کراچی کی انسداد دہشت گردی عدالت میں الطاف حسین کے خلاف رینجرز اہلکاروں کو جان سے مارنے کی دھمکیوں سے متعلق مقدمہ کی سماعت ہوئی جس میں تفتیشی افسر نے عدالت میں ابتدائی رپورٹ جمع کرادی ہے،رپورٹ میں بتایا گیا کہ پولیس ٹیم عزیز آباد کے علاقے میں واقع الطاف حسین کے گھر گئی تھی، اس سلسلے میں عزیز آباد تھانے کے ایک سب انسپکٹر اور علاقہ مکین کا بیان بھی ریکارڈ کیا گیا۔

بیان کے مطابق الطاف حسین 1992 کے بعد سے اپنے گھر پر موجود نہیں اور بیرون ملک مقیم ہیں۔ تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ بیرون ملک مقیم ہونے کے باعث الطاف حسین کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی جا سکتی۔جس پر عدالت نے دوبارہ وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے قائد کو مفرور قرار دے دیا۔انسداد دہشتگردی عدالت نے تفتیشی افسر کو 22 ستمبر تک رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔

الطاف حسین کیخلاف رینجرز اہلکاروں کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دینے کا مقدمہ تھانہ سول لائن کراچی میں درج ہے جورینجرزکے کرنل طاہر کی مدعیت میں درج کیا گیا ،کرنل طاہر محمود نے موقف اختیار کیا تھا کہ ایم کیو ایم کے قائد نے ایک ٹی وی انٹرویو میں رینجرز افسران کو قتل کی دھمکیاں دیں۔