دنیا بھر میں پناہ گزینوں کو قبول کرنے میں پاکستان سرِفہرست،پاکستان میں اب بھی 15 لاکھ سے زائد رجسٹرڈ افغان مہاجرین موجود ہیں ،اقوام متحدہ رپورٹ

ہفتہ 5 ستمبر 2015 09:49

نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔5ستمبر۔2015ء) شام، عراق اور لیبیا کے لاکھوں پناہ گزین جنگ اور بدحالی کی باعث خطرناک سمندروں سے گزر کر یورپ جانے کی کوششوں میں جان کی بازی ہار رہے ہیں جب کہ پاکستان دنیا کا واحد ملک ہے جو پناہ گزینوں کو خوش آمدید کہتا ہے اور سال 2013 کے اعداد وشمار کے مطابق دنیا بھر میں سب سے زیادہ پناہ گزین پاکستان میں تھے 1980سے اب تک پاکستان میں ہی مقیم ہیں۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اقوامِ متحدہ کی پناہ گزینوں سے متعلق جاری ہونیوالی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے پاکستان میں اب بھی وہاں 15 لاکھ سے زائد رجسٹرڈ افغان مہاجرین موجود ہیں ۔ رپورٹ کے مطابق شام اور عراق کے تنازعات کے بعد اب ترکی دنیا کا پہلا ملک بن گیا ہے جہاں 17 لاکھ رجسٹرڈ مہاجرین موجود ہیں لیکن پاکستان کو مہاجرین کی طویل ترین میزبانی کا اعزاز حاصل ہے۔

(جاری ہے)

سال 2015 کے تحت ترکی کے بعد اردن کا نام آتا ہے جہاں شام کی جنگ کے بعد 8 لاکھ لوگ پناہ لینے پر مجبور ہیں۔ جب کہ ایران میں بھی 8 لاکھ سے زائد پناہ گزین موجود ہیں جن کی اکثریت افغان باشندوں پر مشتمل ہے۔دلچسپ بات یہ ہے کہ اس وقت دنیا کے 86 فیصد پناہ گزین ترقی پذیر ممالک میں رہائش پذیر ہیں اور اس فہرست میں چین اور امریکا بالترتیب نویں اور دسویں نمبر پر ہیں۔ اقوامِ متحدہ میں پاکستانی سفیر ڈاکٹر ملیحہ لودھی کے مطابق اگر طویل مدت پناہ گزینوں کو اپنے ملک میں رکھنے کی بات کی جائے تو پاکستان اس میں سرِ فہرست ہے۔