بھارتی اشتعال انگیزی کا بھرپور جواب دیا جائیگا،سیاسی و عسکری قیادت کا عزم،وزیر اعظم سے آرمی چیف کی ملاقات ،ملک کی اندرونی و بیرونی سکیورٹی صور تحال پر تبادلہ خیال،آرمی چیف کی آپریشن ضرب عضب اور آئی ڈی پیز کی واپسی بارے وزیر اعظم کو بریفنگ ، سندھ میں سیاسی رہنماؤں کی گرفتار یاں اور امن وامان کی صورت حال پربھی بات چیت،کراچی آپریشن جرائم پیشہ افراد کے خاتمے تک جاری رہے گا،دونوں رہنماؤں میں اتفاق،آپریشن ضرب عضب ہماری نئی نسلوں کی جنگ ہے،راہداری منصوبے کو سبوتاژ کرنے کیلئے دشمن گھناؤنی حرکتیں کررہا ہے جو کسی صورت کامیاب نہیں ہوں گی،نواز شریف

بدھ 2 ستمبر 2015 09:42

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔2ستمبر۔2015ء)سیاسی و عسکری قیادت نے ملک کی سلامتی اور سرحدوں کی حفاظت کے عزم کو دوہراتے ہوئے کہا کہ لائن آف کنٹرول پر بھارتی اشتعال انگیزی کا بھرپور جواب دیا جائیگا،ملک سے آخری دہشت گرد کے خاتمے تک آپریشن ضرب عضب اور کراچی ٹارگٹڈ آپریشن جاری رہے گا،میڈیا رپورٹس کے مطابق منگل کے روز آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے یہاں اسلام آباد میں وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقات کی جو ایک گھنٹہ سے زائد جاری رہی جس میں ملک کی مشرقی اور مغربی سرحدوں کی صورت حال سمیت اندرونی و بیرونی سکیورٹی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا،آرمی چیف نے آپریشن ضرب عضب ، شمالی وزیرستا ن میں زمینی کارروائی پر وزیر اعظم کو تفصیلی بریفنگ دی جبکہ آئی ڈی پیز کی واپسی کرنے والوں کی دوبارہ آباد کاری سے متعلق تفصیل سے آگاہ کیا، ملاقات میں فاٹا میں تعمیر نو اور آئی ڈی پیز کی واپسی بارے امور پر بھی ملاقات میں زیر بحث آئے ،آرمی چیف نے وزیر اعظم نواز شریف کو امریکی قومی سلامتی کی مشیر سوزن رائس اور جرمن وزیر خارجہ سے ہونے والی ملاقاتوں سے بھی آگاہ کیا،رپور ٹ کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان کراچی میں جاری ٹارگٹڈ آپریشن،سندھ میں امن وامان کی صورت حال اور حالیہ دنوں میں اہم سیاسی رہنماؤں کی گرفتاری پر بھی امور زیر غور آئے جبکہ کراچی آپریشن پر ایم کیو ایم کی جانب سے خدشات اور نگران کمیٹی کے مطالبہ ملاقات میں زیر بحث آیا،دونوں رہنماؤں نے اپنے عزم کو دوہراتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے تک آپریشن ضرب عضب جاری رہے گا اور کراچی میں جرائم پیشہ افراد،بھتہ خوروں اور دہشت گردی میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کو منطقی انجام تک پہنچایا جائیگا،وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ قومی ایکشن پلان کے تحت ملک میں امن کی فضاء قائم ہور ہی ہے،آپریشن ضرب عضب ہماری نئی نسلوں کی جنگ ہے ہم نے ملک کو امن کا گہوارا بنانے کا تہیہ کررکھا ہے،ملک سے دہشت گردی جیسے ناسور کا خاتمہ کر کے آئندہ نسل کو پرامن اور خوشحال پاکستان دینا ہے،وزیر اعظم نے کہا کہ اقتصادی راہداری منصوبہ ملک کی خوشحالی اور معیشت کی مضبوطی کیلئے ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا،اس منصوبے سے نہ صرف پاکستان بلکہ خطے کے تمام ممالک اس سے مستفید ہوں گے،راہداری منصوبے کو سبوتاژ کرنے کیلئے دشمن گھناؤنی حرکتیں کررہا ہے جو کامیاب نہیں ہوں گی،اس منصوبے کو ہر صورت پایہ تکمیل تک پہنچایا جائیگا،رپورٹ کے مطابق ملاقات میں دونوں رہنماؤں کے درمیان پاک بھارت کے درمیان سلامتی مشیروں کی ملاقات کی منسوخی اور نئی دہلی میں ڈی جی رینجرز اور بی ایس ایف کے درمیان ملاقات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیاجبکہ حالیہ دنوں میں بھارت کی جانب سے کنٹرول لائن پر بلا اشتعال فائرنگ سے ہونے والی معصوم شہریوں کی شہادت پر تشویش کا اظہار کیا گیا،دونوں رہنماؤں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ملک کی سلامتی اور سرحدوں کی حفاظت کو ہر صورت یقینی بنایا جائیگا اور بھارت کی اشتعال انگیزی کا بھر پور جواب دیا جائیگا،ملک کا مفاد عزیز ہے کسی صورت سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا،ملاقات میں افغان حکومت اور طالبان کے درمیان مذاکرات بارے امور بھی زیر غور آئے ،دونوں رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ خطے میں امن کیلئے پاکستان افغان حکومت اور طالبان کے درمیان ثالثی کا کردار ادا کرتا رہے گا۔