1980ء میں اس وقت کی بھارتی وزیراعظم اندرا گاندھی نے پاکستان کو جوہری طاقت بننے سے روکنے کیلئے اس کی نیوکلیئر تنصیبات پر حملے کے لئے غور کیا تھا،امریکی خفیہ ادارے سی آئی اے کا انکشاف

منگل 1 ستمبر 2015 10:01

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔1ستمبر۔2015ء) امریکی خفیہ ادارے سی آئی اے نے انکشاف کیا ہے کہ 1980ء میں اس وقت کی بھارتی وزیراعظم اندرا گاندھی نے پاکستان کو جوہری طاقت بننے سے روکنے کیلئے اس کی نیوکلیئر تنصیبات پر حملے کے لئے غور کیا تھا ۔ غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق سی آئی اے کی ایک ڈی کلاسیفائیڈ دستاویز میں انکشاف کیا گیا ہے کہ سابق بھارتی وزیراعظم اندرا گاندھی نے اس وقت حملے پر غور کیا تھا جب امریکہ پاکستان کو اپنے لڑاکا طیارے ایف سولہ فراہم کرنے کے ایڈوانس مرحلے میں تھا دستاویز میں کہا گیا ہے کہ اندرا گاندھی کا اس وقت یہ خیال تھا کہ پاکستان جوہری ہتھیاروں کے حصول سے صرف ایک قدم پیچھے ہے جبکہ امریکہ کا بھی اس وقت یہی اندازہ تھا رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ اگر بھارت کے خدشات آئندہ دو یا تین ماہ میں مزید بڑھ جاتے تو یقیناً اندرا گاندھی کو اس فیصلے منصوبے کو عملی جامہ پہنانے میں آسانی ہوگی ۔

(جاری ہے)

رپورٹ کے مطابق پاکستان جب جوہری ہتھیاروں میں استعمال کیلئے بڑے پیمانے پر یورینیم افزودگی اور پلوٹونیم پیداوار کے ایڈوانس مرحلے میں تھا تو اندرا نے اس پرٹھوس جوابی ردعمل دکھاتے ہوئے حکام کو بھی جوہری تجربے کی تیاریوں کی اجازت دیدی اور پاکستان کے خلاف فوجی طاقت کے استعمال کا آپشن ترک کردیا ۔