مسلم لیگیوں کے اتحاد کی گاڑی چل پڑی، ہر مسلم لیگی سوار ہو گا: چودھری شجاعت کی ذوالفقار کھوسہ سے ملاقات ،چاروں صوبوں اور آزاد کشمیر میں بھی جائینگے، مسلم لیگیوں کو اکٹھا کرنے کے علاوہ دیگر سیاسی جماعتوں کے ساتھ بھی الائنس کرینگے ،متحدہ مسلم لیگ ایک طاقت بنے گی جو اتحاد نہیں بلکہ ایک سیاسی جماعت ہوگی‘سید افتخار حسین گیلانی کی شمولیت بارش کا پہلا قطرہ ہیں‘ الائنس پیپلزپارٹی کیخلاف نہیں ہوگا : سردار ذوالفقار کھوسہ، اب پاکستان مسلم لیگ ن سے اب پ ت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائے ، مسلم لیگ صرف پاکستان مسلم لیگ ہی رہے جو پاکستان کی ترقی وخوشحالی کیئے امید کی کرن لے کر آئے :چوہدری شجاعت

منگل 1 ستمبر 2015 09:58

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔1ستمبر۔2015ء) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ مسلم لیگیوں کے اتحاد کی گاڑی چل پڑی ہے جس میں ہر مسلم لیگی سوار ہو گا، مسلم لیگیوں کے اتحاد کے علاوہ دیگر سیاسی جماعتوں کے ساتھ بھی الائنس کریں گے۔ وہ یہاں سینئر مسلم لیگی رہنما، سابق گورنر پنجاب سردار ذوالفقار علی خان کھوسہ کی رہائش گاہ پر ملاقات کے بعد ان کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔

سردار ذوالفقار کھوسہ نے گیٹ پر چودھری شجاعت حسین، طارق بشیر چیمہ ایم این اے اور سردار مقصود لغاری کو نہایت تپاک سے خوش آمدید کہا اور چودھری شجاعت حسین کو گرمجوشی سے گلے لگایا، ان کے درمیان تیرہ سال بعد ہونے والی یہ ملاقات ڈیڑھ گھنٹہ سے زائد جاری رہی جس میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب دوست محمد کھوسہ بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ مسلم لیگ پاکستان کی خالق جماعت اور عوام کیلئے امید کی کرن ہے، مسلم لیگی حکومت میں یا جہاں بھی ہوں ہم ان کو متحد کریں گے، پاکستان مسلم لیگ کا نام نہ صرف ہمیشہ قائم رہے گا بلکہ آگے بڑھے گا کیونکہ یہ واحد جماعت ہے جو بہتری لا سکتی ہے، اس لیے ا، ب، پ کے نام سے سب مسلم لیگیوں کو اکٹھا کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ جس طریقہ سے ہم آگے بڑھ رہے ہیں قافلہ آگے بڑھتا رہے گا سب کو یہ سوچ آ گئی ہے کہ مسلم لیگ ہی تبدیلی لائے گی، سردار ذوالفقار کھوسہ کا اور ہمارا مقصد ایک ہے جو لوگ بھی مسلم لیگ چھوڑ کر گئے ہیں ہم سب کو اکٹھا کریں گے۔ انہوں نے ایک سوال پر کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو بھی پہلے مسلم لیگ کے سیکرٹری جنرل تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہم آزاد کشمیر سمیت چاروں صوبوں میں جائیں گے اور تمام مسلم لیگیوں کو ایک پلیٹ فارم پر لائیں گے۔

سردار ذوالفقار کھوسہ اور دوست محمد کھوسہ نے کہا کہ چودھری شجاعت حسین کی کوششوں میں مکمل طور پر ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ مسلم لیگ نہیں کیونکہ وہ اپنے آپ کو خود نواز لیگ کہتے ہیں جو کہ ذاتی لیگ ہے، چودھری شجاعت نے بروقت فیصلہ کر کے مسلم لیگ کے اتحاد کو روح بخشی ہے ہم سب مل کر ایک مقصد کیلئے آگے بڑھیں گے۔ہم کچھ ایام کے بعد قوم کیلئے اہم اعلان کرینگے جس میں بتائیں گے کہ متحدہ مسلم لیگ میں کون کون سے لوگ شامل ہونگے۔

متحدہ مسلم لیگ ایک طاقت بنے گی جو اتحاد نہیں بلکہ ایک سیاسی جماعت ہوگی۔ حکمران جماعت مسلم لیگ نہیں نواز لیگ ہے ۔ ن لیگی ایم پی اے سید افتخار حسین گیلانی بارش کا پہلا قطرہ ہیں جو ہمارے ساتھ شامل ہونگے ۔ یہ الائنس پیپلزپارٹی کیخلاف نہیں ہوگا ۔ فیصلہ کرچکے ہیں ملکر دوستوں کو ساتھ لیکر چلیں گے۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان مسلم لیگ ن کے ناراض رہنما سردار ذوالفقار خان کھوسہ اور مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے باہمی ملاقات کے بعد ایک مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

سردار ذوالفقار خان کھوسہ کی رہائشگاہ پر منعقدہ پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ ہمارا سفر اکٹھا تھا آج یہی پیغام لے کر چوہدری شجاعت حسین آئے ہیں مسلم لیگ کے تمام دھڑے اکھٹے چلیں گے ہم چاروں صوبوں سمیت آزاد کشمیر ‘ گلگت بلتستان بھی جائینگے۔ مسلم لیگ ایک مضبوط قوت بنے گی جو ملک کے حالات میں بنیادی بہتری لائے گی۔ انہوں نے کہا کہ جب پاکستان بنا اس وقت سے مسلم لیگ میں لوگ آتے جاتے رہے۔

انہوں نے کہا کہ رکن پنجاب اسمبلی سید افتخار حسین گیلانی پنجاب اسمبلی میں پہلا قطرہ بن چکے ہیں وہ ہمارے ساتھ شامل ہونگے ان کی صفوں میں اتنی بے چینی ہے کہ اب حکمران عہدے بانٹتے پھر رہے ہیں انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ اب پاکستان مسلم لیگ ن سے اب پ ت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائے اور مسلم لیگ صرف پاکستان مسلم لیگ ہی رہے جو پاکستان کی ترقی وخوشحالی کیئے امید کی کرن لے کر آئے گی۔

انہوں نے کہا کہ ہم مسلم لیگ کے تمام دھڑوں کو اپروچ کرینگے جو مسلم لیگ کہلاتی ہے انہوں نے کہا کہ ہم کسی شخصی پارٹی کے پیچھے نہیں بلکہ نظریات کے پیچھے چلیں گے وہ مسلم لیگ کسی کی ذاتی مسلم لیگ نہیں ہوگی بلکہ نظریاتای مسلم لیگ ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ جو مسلم لیگ چھوڑ کر گئے حکمرانوں کے رویے کی وجہ سے چھوڑ کر گئے ان کو ہم ملائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ان کے اندر کوئی لالچ نہیں ۔

انہوں نے جو بھی قدم اٹھایا ہے وطن کی خاطر اٹھایا ہے۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ ایمپائر کے ہاتھ کا علم نہیں ہم نے کرکٹ نہیں بلکہ آج اگر مسلم لیگ میں دس سے بارہ دھڑے ہیں تو ان لوگوں کے سلوک کی وجہ سے ہیں ہم نیا خون بھی ساتھ ملائیں گے انہوں نے کہا کہ سید افتخار حسین گیلانی نظریاتی آدمی ہیں وہ ذوالفقارعلی بھٹو کی مسلم لیگ کے مرکزی سیکرٹری جنرل رہ چکے ہیں۔ وہ بھی ان کے رویے کی وجہ سے اپوزیشن بنچوں پر بیٹھنے پر مجبور ہوئے۔