مودی سرکار اپنی ناکامی کو چھپانے کے لئے بارڈر پر نہتے شہریوں کو نشانہ بنا رہی ہے، رضا ربانی، بھارت خطے میں طاقت کے زور پر علاقے کا چوہدری بننا چاہتا ہے جو اس کی خام خیالی ہے۔ ملک کا ڈٹ کا دفاع کریں گے، پاکستان کو بھارتی جارحیت کامسئلہ عالمی سطح پر اٹھناچاہیے، حالیہ بھارتی جارحیت پر او آئی سی کی خاموشی پر افسوس ہے،میڈیا سے گفتگو

پیر 31 اگست 2015 09:50

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔31اگست۔2015ء) چیئرمین سینیٹ رضا ربانی نے کہا ہے کہ مودی سرکار بھارت میں کمزور ہورہی ہے‘ ناکامی کو چھپانے کے لئے بارڈر پر نہتے شہریوں کو نشانہ بنا رہی ہے۔ پاکستان کو بھارتی جارحیت کامسئلہ عالمی سطح پر اٹھناچاہیے اور حالیہ بھارتی جارحیت پر او آئی سی کی خاموشی پر افسوس ہے۔ ان خیالات کا اظہار چیئرمین سینیٹ رضا ربانی نے اتوار کے روز سیالکوٹ میں بھارتی افواج کی جارحیت کا نشانہ بننے والے زخمی شہریوں کی سی ایم ایچ ہسپتال میں عیادت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ بھارت میں مودی حکومت روز بروز کمزور ہورہی ہے جبکہ اپنی اندرونی کمزوریوں کو چھپانے کیلئے مودی سرکار نے بارڈر پر جارحیت شروع کردی۔ جس کے نتیجے میں معصوم اورنہتے شہری ان کی جارحیت کا نشانہ بنے ہیں جس کی مذمت کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

بھارت خطے میں طاقت کے زور پر علاقے کا چوہدری بننا چاہتا ہے جو اس کی خام خیالی ہے۔ ملک کا ڈٹ کا دفاع کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان حکومت اور سیاستدان مسلح افواج کے ساتھ ہیں اور سیاسی و عسکری ادارے ایک صفے پر ہیں۔ اگر بھارت نے پاکستان پر میلی نظر ڈالی تو پاکستانی عوام اور سیاستدان مسلح افواج کے شانہ بشانہ اکٹھے ہوں گے اور بھارت کو منہ توڑ جواب دیں گے ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کو بھارتی جارحیت کا مسئلہ عالمی سطح پر اقوام متحدہ میں اٹھانا چاہیے اور بھارت کا چہرہ دنیا کے سامنا لانا چاہیے جبکہ بھارت کی مسلسل کشمیر اور پاکستان پرجارحیت جاری رکھنا اور معصوم شہریوں کو شہید کرنے پر او آئی سی کی خاموشی پر افسوس ہے اس موقع پر او آئی سی کو فعال کردار اداکرنا چاہیے تھا مگر وہ ناکام رہے۔

انہوں نے کہاکہ بارڈر پر شہریوں کی سکیورٹی کے حوالے سے وزیراعظم میاں نواز شریف سے بات کروں گا اور اس حوالے سے حکومت کواقدامات کرنے چاہئیں۔