استعفوں کے معاملے پر پیش رفت ہورہی ہے، جلد ایم کیو ایم استعفے واپس لے گی، شاہد خاقان عباسی ،سند ھ میں کرپشن کیخلاف کارروائی کے معاملے پر وزیر اعلیٰ سندھ کے تحفظات کو اپیکس کمیٹی کے سامنے رکھنا چاہیئے،میڈیا سے گفتگو

اتوار 30 اگست 2015 10:20

بدین (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔30اگست۔2015ء) وفاقی وزیر پیٹرولیم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ کرپشن کے حوالے سے حکومتی کارروائی سے متعلق معاملے پر وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کے تحفظات کو اپیکس کمیٹی کے سامنے رکھنا چاہیئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وفاقی وزیر پیٹرولیم شاہد خاقان عبسی سابق وزیر داخلہ ذوالفقار مرزا کی رہائش گاہ آمد پر میڈیا سے گفتگو کے دوران کہی۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا ہے کہ صوبہ سندھ پر حملے کا بیان وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کی اپنی رائے ہوسکتی ہے۔ وزیر اعلیٰ سندھ اپنے تحفظات اپیکس کمیٹی کے سامنے رکھنا چاہیے۔ اپیکس کمیٹی اس کا درست فورم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کے استعفیٰ کے معاملے پر پیش رفت ہورہی ہے بہت جلد ایم کیو ایم اپنے استعفے واپس لے گی۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن کے خلاف ایک صوبے میں کارروائی سے متعلق بیانات دینا درست نہیں کرپشن جہاں بھی ہے کارروائی ہوگی۔ کرپشن ہر دور میں ہوتی رہی ہے ملک بھرمیں کرپشن کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے۔