جنگ تھونپی گئی تو بھارت کو 65ء کی جنگ سے زیادہ نقصان اٹھانا پڑے گا ،وزیر دفاع کا انتباہ ، بھارتی جارحیت مسئلہ کشمیر سے عالمی توجہ ہٹانے کی سازش ہے، بھارت میں تین درجن کے قریب علیحدگی کی تحریکیں خونی فسادات کی شکل اختیار کرچکی ہیں ، مودی کے سیاسی قد میں کمی ہوئی ہے،سول ملٹری تعلقات مضبوط ہیں،دہشت گردی کیخلاف جنگ جاری رہے گی ،عمران خان کی مثال یہ ہے کہ ” جھتے کی کھوتی اتھے آن کھلوتی “ ، وہ ٹربیونل اور دھاندلی کا کھیل کھیل رہے ہیں ،وزیر دفاع کا انٹرویو

ہفتہ 29 اگست 2015 09:43

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔29اگست۔2015ء) وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ ایل اوسی اور ورکنگ باؤنڈری پر بھارتی جارحیت مسئلہ کشمیر سے عالمی توجہ ہٹانے کی سازش ہے اگر جنگ تھونپی گئی تو بھارت کو 1965ء کی جنگ سے زیادہ نقصان اٹھانا پڑے گا ، بھارت میں تین درجن کے قریب علیحدگی کی تحریکیں خونی فسادات کی شکل اختیار کرچکی ہیں ، مودی کے سیاسی قد میں کمی ہوئی ہے ، بھارت اندرونی مسائل سے توجہ ہٹانے کے لیے سرحد پر کشیدگی بڑھا رہا ہے ۔

نجی ٹی وی کو دیئے گئے انٹرویو میں خواجہ آصف نے کہا کہ بھارت کے اندرونی مسائل بڑھ رہے ہیں بھارت میں تین درجن کے قریب علیحدگی کی تحریکیں چل رہی ہیں جو خونخوار ہوچکی ہیں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی اپنی ریاست گجرات میں خونی فسادات ہوئے ہیں مودی کا سیاسی قد تیزی سے کم ہورہاہے اور مودی اپنی دم توڑتی مقبولیت کو بچانے کے لیے سہارے ڈھونڈ رہے ہیں بھارت سوچی سمجھی سازش کے تحت سرحد پر کارروائیاں کررہا ہے اور اندرونی مسائل سے توجہ ہٹانے کے لیے سرحد پر کشیدگی بڑھا رہا ہے انہوں نے کہا کہ ہمسائے ممالک پاکستان کو معاشی طور پر مستحکم نہیں دیکھنا چاہتے بھارت ایک خاص معاشی حد سے پاکستان کو آگے نہیں دیکھنا چاہتا بھارت نے مذاکرات کے لئے شرائط رکھیں بھارتی جارحیت مسئلہ کشمیر سے عالمی برادری کی توجہ ہٹانے کی سازش ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کوئی ملک ہمیں ڈکٹیت نہیں کرسکتا اگر ہم پر جنگ تھونپی گئی تو بھارت کو 1965ء سے زیادہ نقصان اٹھانا پڑے گا 65کی جنگ میں ہر محاذ پر ہم نے بھارت کو شکست دی 1965ء اور آج میں بڑا فرق ہے آج ہم ایک ایٹمی قوت ہیں اور پاکستان ایٹمی ٹیکنالوجی میں کسی لحاظ سے بھارت سے کم نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان کے ساتھ بے شمار رشتے ہیں دونوں ممالک امن کے متلاشی ہیں افغانستان کے ساتھ خلوص کا رشتہ ہے افغانستان میں امن کا حامی ہوں افغانستان میں امن کے لیے سب سے زیادہ قربانیاں پاکستان نے دی ہیں انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کیخلاف جنگ کامیابی سے جاری ہے پاکستان میں سول اور ملٹری تعلقات مضبوط ہیں اور ہم اس وقت حالت جنگ میں ہیں اور ملک کو دہشتگردوں نے پاک کرنے کے لیے جنگ لڑ رہے ہیں کئی علاقوں کو دہشتگردوں سے پاک کرلیا گیا ہے انہوں نے کہا کہ سول و ملٹری قیادت ایک پیج پر ہیں اندرونی اور بیرونی خطرات سے مکمل ہم آہنگی سے نمٹا جارہا ہے جب تک ہم ذہن نظریے اور وسائل کے اعتبار سے متحد نہیں ہوں گے ہم یہ جنگ نہیں جیت سکتے انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کیخلاف جنگ سب سے زیادہ قربانیاں پاکستان نے دیں پاکستان میں دہشتگردی میں بھارت ملوث ہے بھارتی مداخلت کا معاملہ اقوام متحدہ میں لے کر جائینگے انہوں نے کہا کہ ہم جنگ سے نہیں ڈرتے گزشتہ کئی برسوں سے دہشتگردوں سے لڑ رہے ہیں پاکستان جنگی ا عتبار سے بھارت سے آگے ہے پاکستان کے تمام ادارے اور ہم بحیثیت قوم متحد ہیں ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے پہلا دھرنا ختم کیا پھر اسمبلیوں میں آئے عمران خان اب راہ فرار اختیار کررہے ہیں اور فرار کا جواز ڈھونڈتے رہے ہیں عمران خان کی مثال یہی ہے کہ ” جھتے کی کھوتی اتھے آن کھلوتی “ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی صفحوں میں جعلی ڈگری والے موجود ہیں عمران خان ٹربیونل اور دھاندلی کا کھیل کھیل رہے ہیں عمران خان کو اپنی سیاسی ساکھ بحال کرنے کے لیے زمان پارک سے دوبارہ الیکشن لڑنا چاہیے ۔