ڈاکٹر عاصم نے دوران تفتیش خزانے کو نقصان پہنچانے والی اہم شخصیات کے نام اگل دیئے،پلاٹس کی غیر قانونی الاٹمنٹ، فراڈ پارٹنر شپ کے حوالے سے سوالات کئے گئے، منی لانڈرنگ اور غیر ملکی اکاوٴنٹس سے متعلق بھی پوچھ گچھ ، سابق وفاقی وزیر سے ایل پی جی ٹائیکون اقبال احمد خان کے ساتھ پارٹنر شپ کی بھی تحقیقات

جمعہ 28 اگست 2015 09:50

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔28اگست۔2015ء) سابق صدر آصف علی زرداری کے قریبی ساتھی ڈاکٹر عاصم حسین نے دوران تفتیش اہم انکشاف کیے ہیں، سرکاری خزانے کو اربوں روپے کا نقصان پہنچانے والے گروہ کا بھی بھانڈا پھوڑ دیا ہے، کچھ اہم سیاسی شخصیات کے نام بھی بتادیئے۔ڈاکٹر عاصم حسین سے ابتدائی تحقیقات کی اہم تفصیلات سامنے آگئی ہیں، انہوں نے سرکاری خزانے کو اربوں کا نقصان پہنچانے والے گروہ کا انکشاف کیا ہے، جس میں اہم سیاسی شخصیات کے نام بھی سامنے آئے ہیں۔

(جاری ہے)

تفتیشی ذرائع کے مطابق ڈاکٹر عاصم سے پلاٹس کی غیر قانونی الاٹمنٹ، فراڈ پارٹنر شپ کے حوالے سے سوالات کئے گئے، منی لانڈرنگ اور غیر ملکی اکاوٴنٹس سے متعلق بھی پوچھ گچھ کی گئی، سابق وفاقی وزیر سے ایل پی جی ٹائیکون اقبال احمد خان کے ساتھ پارٹنر شپ کی بھی تحقیقات ہوئی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر عاصم حسین اہم سیاسی شخصیت کی ذاتی و نجی زندگی سے متعلق زیادہ جانتے ہیں، وہ بدعنوانی سے متعلق سب سے زیادہ معلومات رکھتے ہیں، بعض معاملات میں ڈاکٹر عاصم نے مبینہ طور پر اہم شخصیات کی پارٹنر شپ کرائی ہے۔