سابق مشیر پیٹرولیم ڈاکٹر عاصم حسین کو 90روزہ ریمانڈ پر رینجرز کی تحویل میں دیدیا گیا ، ڈاکٹر عاصم پر مبینہ طور پر دہشت گردوں کی مالی معاونت، منی لانڈرنگ، چائنا کٹنگ اور سی این جی اسٹیشنز کو غیر قانونی طور پر لائسنس دینے کے الزامات ہیں۔عاصم حسین کی گرفتاری سندھ ہائی کورٹ میں چیلنج ، ڈاکٹرعاصم کسی کیس میں مطلوب نہیں ، در خواست گزار

جمعہ 28 اگست 2015 09:46

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔28اگست۔2015ء) انسداد دہشت گردی کی عدالت نے ہائر ایجوکیشن کمیشن کے چیئر مین اور سابق مشیر پیٹرولیم ڈاکٹر عاصم حسین کو 90روزہ ریمانڈ پر رینجرز کی تحویل میں دیدیا ہے،سابق صدر آصف علی زرداری کے قریبی دوست ڈاختر عاصم کو بدھ کو اس وقت گرفتار کیا گیا تھا جب وہ کلفٹن میں واقع ہائر ایجوکیشن کمیشن کے دفتر پہنچے ہی تھے ،قبل ازیں ملزم ڈاکٹر عاصم کی والدہ نے سندھ ہائی کورٹ میں ان کی گرفتاری کے خلاف درخواست دائر کردی ہے ۔

جمعرات کو رینجرز نے انہیں انسداد دہشتگردی کی عدالت میں پیش کیا ۔رینجرز کے لاء افسر نے عدالت سے ملز م ڈاکٹر عاصم کے 90روزہ ریمانڈ کی استدعا کی جسے عدالت نے منظور کرتے ہوئے ڈاکٹر عاصم کو رینجرز کی تحویل میں دید یا ہے ۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن کے چیئر مین اور سابق مشیر پیٹرولیم ڈاکٹر عاصم حسین کوحساس اداروں کی جانب سے بدھ کو روز حراست میں لیا گیا تھا، ابتدائی تفتیش کے بعد انہیں سندھ رینجرز کے حوالے کردیا تھا،واضح رہے کہ ڈاکٹر عاصم پیپلز پارٹی کے گزشتہ دور حکومت میں مشیر پیٹرولیم کے عہدے پر فائز تھے ، ان پرمبینہ طور پر دہشت گردوں کی مالی معاونت، منی لانڈرنگ، چائنا کٹنگ اور سی این جی اسٹیشنز کو غیر قانونی طور پر لائسنس دینے کے الزامات ہیں۔

دوسری جانب ڈاکٹرعاصم حسین کی گرفتاری کو سندھ ہائی کورٹ میں چیلنج کردیاگیا ہے جس میں وفاقی و صوبائی حکومت، رینجرزاوردیگر کو فریق بنایا گیا ہے، درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ ڈاکٹرعاصم کسی کیس میں مطلوب نہیں ہیں، گزشتہ روزڈاکٹرعاصم کو نامعلوم افراد ساتھ لے گئے تھے اور انہیں غیر قانونی طور پر حراست میں رکھاگیا ہے۔ ڈاکٹرعاصم کی گرفتاری کو ان کی والدہ اعجاز فاطمہ نے چیلنج کیا ہے۔ عابد زبیری ایڈووکیٹ کے توسط سے دائر کی گئی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ ڈاکٹرعاصم سابق وفاقی وزیراور سیاسی شخصیت ہیں اوروہ کسی کیس میں مطلوب نہیں ہیں،اگرڈاکٹرعاصم پرکوئی الزام ہے تواس میں تعاون کیلئے تیارہیں۔