کرپشن کے خاتمے کیلئے500 اور ایک ہزار کے نوٹ ختم کئے جائیں،ملک ریاض، ملک کو اس وقت ایک لیڈر کی ضرورت ہے، حکمرانوں کی نہیں،عوام مخلص ہو جائیں تو دبئی اور امریکہ جیسی ترقی کر سکتے ہیں،8 کروڑ بچے سکول جانے سے محروم ہیں،10 ویں سی ای ایشیاء اوسمٹ کی تقریب سے خطاب ،میڈیاسے گفتگو

جمعرات 27 اگست 2015 09:25

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔27اگست۔2015ء)چیئرمین بحریہ ٹاؤن ملک ریاض نے کہا ہے کہ پاکستان کا سسٹم اور اس سسٹم کو چلانے والے لوگ ٹھیک ہو جائیں تو ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہو سکتا ہے،پاکستان کو اس وقت ایک لیڈر کی ضرورت ہے حکمرانوں کی نہیں، ملک میں اس وقت کوئی لیڈر موجود نہیں ہے،عوام ملک سے مخلص ہو جائیں تو ہم دبئی امریکہ جیسی ترقی کرسکتے ہیں،ملک میں سے500 اور ایک ہزار نوٹ ختم کر کے کرپشن کا خاتمہ کیا جا سکتا ہے،تفصیلات کے مطابق بحریہ ٹاؤن کے سربراہ ملک ریاض نے بدھ کے روز دسویں سی ای ایشیاء اوسمٹ 2015 کی منعقدہ تقریب سے خطاب اور بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اپنی زندگی کے40 سال کاروبار میں گزار دیئے ہیں اور ان 40 سالوں میں انہوں نے ملک میں غربت ہی غربت دیکھی ہے، اس ملک میں غریب کی کوئی جگہ نہیں ہے روز مرتا ہے اور روز جیتا ہے،اگر امیروں کو کوئی بیماری لاحق ہو جائے تو وہ بیرون ملک سے علاج کرواتے ہیں اورغریب جب کوئی بیمار ہو جائے تو اس اپنے ملک میں علاج کی سہولتیں میسر نہیں ،علاج مہنگا ہونے کی وجہ سے غریب مرنا پسند کرتا ہے،ملک میں ہر قسم کی بیماری ہیں مگر علاج و ادویات موجود نہیں ،ملک میں غربت کا یہ عالم ہے کہ ملک بھر سے 8 کروڑ بچے سکول نہیں جاتے جس کی وجہ سے جہالت فروغ پا رہی ہے اور لوگوں کو پینے کا صاف پانی تک بھی میسر نہیں ہے،انہوں نے کہا کہ ملک میں دو بڑے مسائل ہیں ایک سسٹم خود اور دوسرا سسٹم کے اندر رہنے والے لوگ ہیں،دونوں کو تبدیل کرنے کی ضرورت ہے،ملک کو اس وقت لیڈر کی ضرورت ہے اور ہمارے ملک میں کوئی لیڈر نہیں ہے بلکہ حکمران ہیں جن کو عوام اور ملک سے کوئی غرض نہیں ہے،عوام اگر ملک سے مخلص ہو جائیں تو ہم دبئی اور امریکہ کی ترقی کا مقابلہ کر سکتے ہیں،صحافیوں کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے ملک ریاض نے کہا کہ ملک سے کرپشن کے خاتمے کیلئے ضروری ہے کہ 500 اور ایک ہزار کے نوٹ ختم کئے جائیں ،بڑے بڑے نوٹ استعمال ہی کرپشن کے حصول کے لئے ہوتے ہیں،کرپٹ لوگ چھوٹے نوٹوں کو اہمیت نہیں دیتے ،انہوں نے کہا کہ 50 سالوں سے حکمران ملک کو لوٹ رہے ہیں ،ہمیں ایک سچے لیڈر کی ضرورت ہے جس کا فائدہ ملک اور اس کی غریب عوام کو ہوگا۔

متعلقہ عنوان :