نوجوانوں کو متحرک کیا جائے تاکہ وہ مستقبل میں ذمہ داریاں سنبھال سکیں، بلاول بھٹو زرداری

جمعرات 27 اگست 2015 09:23

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔27اگست۔2015ء)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پارٹی کے پنجاب کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے پارٹی ورکروں سے ملاقا تو ں کے سلسلے میں قصور اور ننکانہ صاحب کے پارٹی عہدیداروں سے ملاقات کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ہدایت کی کہ نوجوانوں کو متحرک کیا جائے تاکہ وہ مستقبل میں ذمہ داریاں سنبھال سکیں اور یہ ہدایت بھی کی کہ پارٹی میں نوجوانوں کو جمہوری سیاسی جدوجہد اور سیاسی و معاشی امور پر آگاہ کرنے کے لئے اسٹڈی سرکل دوبارہ سے شروع کئے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ پارٹی کی جمہوریت کے لئے جدوجہد قومی اثاثہ ہے اور نوجوان نسل کو اس بارے میں آگاہ کرنا ضروری ہے۔ اجلاس میں فریال تالپور، راجہ پرویز اشرف، میاں منظور وٹو، سینیٹر شیری رحمن، قمر زمان کائرہ، ندیم افضل چن، چوہدری منظور، فوزیہ حبیب اور شہلا رضا بھی موجود تھیں۔

(جاری ہے)

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نوجوانوں کی پارٹی ہے اور ہمارے دو سابقہ چیئرمین نے اپنی ذمہ داریاں اس وقت سنبھالی تھیں اور پارٹی کی قیادت اس وقت سنبھالی تھی جب وہ دونوں نوجوان تھے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا میں نوجوانوں کی قیادت میں سیاسی پارٹیوں کی مثال کم ہی ملتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حال ہی میں فاٹا میں خاص طور پر نوجوانوں کے لئے پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے ایک خط وزیراعظم کو لکھا ہے کہ فاٹا میں اعلیٰ عدالتوں کا دائرہ اختیار قائم کیا جائے تاکہ وہاں کے نوجوان بلا خوف و خطر اپنے بنیادی حقوق اور سیاسی حقوق کے لئے جدوجہد کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ اس کے لئے پارٹی کی سطح سے بلند ہو کر قانون سازی کی جائے۔ پارٹی کے ترجمان نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے پارٹی کے نوجوانوں کی تربیت کے لئے اسٹڈی سرکل متعارف کرائے تھے انہیں دوبارہ شروع کیا جائے تاکہ نوجوانوں اور سیاسی کارکنوں کی تربیت کی جاسکے۔