آرمی چیف اور سیکرٹری دفاع سے امریکی سینٹ کام کے سربراہ کی ملاقاتیں،خطے کی سکیورٹی صورت حال سمیت افغان مذاکراتی عمل کی بحالی پر تبادلہ خیال ،امریکی جنرل نے دہشت گردی کے خاتمے اور خطے میں امن کے قیام کیلئے پاکستان کے کردار کی تعریف کی،آئی ایس پی آر

جمعرات 27 اگست 2015 09:21

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔27اگست۔2015ء)آرمی چیف جنرل راحیل شریف اور سیکرٹری دفاع سے امریکی سینٹ کام کے سربراہ لائیڈ آسٹن نے ملاقات کی ہے جس میں خطے کی سکیورٹی صورت حال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، آئی ایس پی آر کے مطابق بدھ کے روز امریکی سینٹ کام کے سربراہ نے یہاں جی ایچ کیو کا دورہ کیا اوریاد گار شہداء پر حاضری دی اور پھول بھی چڑھائے، امریکی سینٹ کام کے سربراہ جنرل لائیڈ آسٹن نے آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے ملاقات کی جس میں خطہ کی سکیورٹی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ،امریکی جنرل نے دہشت گردی کے خلاف پاک افواج کی قربانیوں کو سراہا ہے اور خطے میں امن کیلئے پاکستان کے کردار کی تعریف کی، ترجمان کے مطابق امریکی سینٹ کام کے سربراہ کی سیکرٹری دفاع عالم خٹک سے بھی ملاقات کی ہے، ملاقات میں پاک امریکہ دفاعی تعاون کے حوالہ سے بات چیت کی گئی، افغانستان کی موجودہ صورتحال اور افغان حکومت اور طالبان کے درمیان مذاکراتی عمل کی بحالی کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا ، امریکی جنرل نے فریقین کے درمیان مذاکرات میں ثالثی کے کردار پر پاکستان کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ مذاکراتی بحالی کیلئے پاکستان اپنی کوششیں جاری رکھے جبکہ سیکرٹری دفاع نے افغانستان کی جانب سے دہشت گردوں کی دراندازی کے حوالہ سے امریکی سینٹ کام سربراہ کو پاکستان کے تحفظات سے بھی آگاہ کیا۔