جنوبی وزیرستان،چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کا حملہ،3 اہلکار شہید،سکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی ،حملہ آور فرار ہوگئے،شوال میں دشوار ترین علاقے میں فضائی کارروائی ،متعدد دہشت گرد ہلاک ،گولہ بارود کا ذخیرہ تباہ،فضائی کارروائی میں دہشت گردوں کی لاشیں زمین پر بکھری پڑی ہیں،دشوار علاقوں کی وجہ سے مرنے والوں کی تعداد کا علم نہیں ہو رہا،آئی ایس پی آر

بدھ 26 اگست 2015 09:45

وانا(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔26اگست۔2015ء)جنوبی وزیرستان کے علاقے لدھا میں سکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملے میں 3 اہلکار شہید ہوگئے ،سکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی کے بعد حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے،میڈیا رپورٹس کے مطابق منگل کے روز جنوبی وزیرستان کے علاقے لدھا میں قائم سیکورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر ایک درجن سے زائد دہشت گردوں نے حملہ کر دیا جس کے نتیجے میں 3 سکیورٹی اہلکار شہید ہوگئے ،سکیورٹی فورسز نے فوری طور پر جوابی کارروائی کی اور کئی گھنٹوں تک فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا تاہم کارروائی کے بعد دہشت گرد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے،واقعہ کے بعد سکیورٹی فورسز کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور بڑے پیمانے پر علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا تاہم آخری اطلاع ملنے تک کسی دہشت گرد کے گرفتار ہونے کی اطلاع موصول نہیں ہوئی ،رپورٹ کے مطابق شہید ہونے والے اہلکاروں کی میتوں کو پشاور منتقل کر دیا گیا ہے جنہیں بعد ازاں میتوں کو آبائی علاقوں کیلئے روانہ کر دی جائیں گی اور پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا جائیگا پولیٹیکل انتظامیہ کے مطابق شہید ہونے والے سکیورٹی اہلکاروں کی شناخت جعفر حسین، محمد علی اور ارسلان خان کے نام سے ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

ادھرشمالی وزیرستان کے علاقے شوال میں پاک فوج کے گن شپ ہیلی کاپٹرز کی کارروائی ، دہشتگردوں کے تربیتی کیمپ تباہ ، متعدد دہشتگرد مارے گئے،پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کیخلاف آپریشن میں تیزی لائی جا رہی ہے ، منگل کے روز آرمی گن شپ ہیلی کاپٹرز نے شوال میں دشوار ترین علاقے میں کارروائی کی ہے ،فضائی کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے تربیتی کیمپوں کو نشانہ بنایا گیا جس میں متعدد دہشت گرد بھی مارے گئے، اسلحہ و گولہ بارود کا ذخیرہ بھی مکمل طور پر تباہ کر دیا گیا ہے،ترجمان کے مطابق دشوار ترین علاقہ میں دہشت گردوں کیخلاف کارروائی کا آغاز کیا گیا ہے جس کی وجہ سے دہشت گردوں کی ہلاکت بارے تعداد معلوم ہونے میں دشواری ہے تاہم آرمی کی اس فضائی کارروائی میں متعدد دہشت گرد ہلاک ہوئے جو جن کی لاشیں زمین پر بکھری پڑی ہیں،کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے اسلحہ اور گولہ بارود کا ذخیرہ بھی مکمل تباہ کر دیا گیا ہے۔