بلاول بھٹو پنجاب کے بلدیاتی انتخابات ، پارٹی کو فعال کرنے اور معاملات کا جائزہ لینے آج اسلام آباد پہنچیں گے

پیر 24 اگست 2015 09:43

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔24اگست۔2015ء) پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری پنجاب کے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے پارٹی کو فعال کرنے اور معاملات کا جائزہ لینے آج ( پیر) اسلام آباد پہنچیں گے ۔ اسلام آباد میں پارٹی رہنماؤں سے ملاقاتوں کے بعد لاہور میں کارکنان سے ملیں گے ۔ تفصیلات کے مطابق پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری آج وفاقی دارالحکومت اسلام آباد پہنچ رہے ہیں بلاول بھٹو کی اسلام آباد آمد کا مقصد آئندہ پنجاب میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے پارٹی رہنماؤں سے پارٹی معاملات پر مشاورت کرنا ہے اور ابتدائی طور پر اسلام آباد پیپلزپارٹی کے رہنماؤں سے ملاقاتیں کریں گے اور اپنے دوسرے رائیونڈ میں چیئرمین پیپلزپارٹی پنجاب کا دورہ کریں گے اور لاہور جائیں گے جبکہ لاہور میں ان کی ملاقات پیپلزپارٹی پنجاب کے صدر منظور وٹو سے ہو گی اور ملاقات کے بعد پنجاب کے پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ ایک اجلاس بھی ہو گا جس کی صدارت بلاول بھٹو کریں گے ۔

(جاری ہے)

جس میں پنجاب کے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا اور اپنی خامیوں کا جائزہ لیا جائے گا ۔ دورہ پنجاب میں بلاول بھٹو زرداری سکورٹی خدشات کے باعث صرف لاہور تک ہی محدود رہیں گے اور بلاول ہاؤس لاہور میں کارکنان سے ملاقاتیں اور خطاب کریں گے ۔