وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار کا ای سی ایل پالیسی میں تبدیلی کا اعلان ،آئندہ اعلیٰ عدالتوں کی ہدایت ڈیفنس فورسز اور حساس اداروں کی سفارشات کے نام ای سی ایل میں ڈالے جائیں گے، ای سی ایل میں نام ڈالنے کی اتھارٹی وزارت داخلہ کی ہو گی ،بلیک لسٹ کو مکمل طورپر ختم کر دیا جائے گا،ایک ماہ میں ای سی ایل میں شامل افراد کی تعداد 3 ہزار رہ جائے گی، 5 ہزار افراد کے نام نکال دیئے جائیں گے،فوج کا دفاع کرنا حکومت کا کام ہے،فوج پر الزام لگانا کسی پاکستانی کے شایان شان نہیں ،آج کابینہ اجلاس میں نیشنل ایکشن پلان پر بریفنگ دوں گا ،ستمبر کے پہلے ہفتے میں تمام وزرائے اعلیٰ کا اجلاس بلواؤں گا، آرمی چیف کو بھی شرکت کی دعوت دوں گا، تحریک انصاف کو روزانہ جھوٹ بولنے پر شرم نہیں آتی ،چیئرمین نادرا کو سچ بولنے سے شرم کیوں آئے، پریس کانفرنس سے خطاب

پیر 24 اگست 2015 09:36

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔24اگست۔2015ء) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) پالیسی میں تبدیلی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئندہ اعلیٰ عدالتوں کی ہدایت ڈیفنس فورسز اور حساس اداروں کی سفارشات کے نام ای سی ایل میں ڈالے جائیں گے۔ ای سی ایل میں نام ڈالنے کی اتھارٹی وزارت داخلہ کی ہو گی بلیک لسٹ کو مکمل طورپر ختم کر دیا جائے گا۔

تحریک انصاف کو روزانہ جھوٹ بولنے پر شرم نہیں آتی چیئرمین نادرا کو سچ بولنے سے شرم کیوں آئے۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزارت داخلہ میں نئی اصلاحات لا رہے ہیں۔ پاسپورٹ بلیک لسٹ میں شامل 52 ہزار افراد کا ریکارڈ ختم کیا جا رہا ہے۔ وزارت داخلہ کی ای سی ایل میں 8 ہزار افراد ہیں۔

(جاری ہے)

3 سال میں کیس منطقی انجام تک نہ پہنچا تو نام ای سی ایل سے نکال دیا جائے گا۔

ای سی ایل میں نام ڈالنے کے بعد بھول جانے والی پالیسی اب نہیں ہو گی۔ ایک ماہ میں ای سی ایل میں شامل افراد کی تعداد 3 ہزار رہ جائے گی۔ 5 ہزار افراد کے نام ای سی ایل سے نکال دیئے جائیں گے۔ 1985ء سے ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں لوگوں کے نام موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلا جواز کسی پاکستانی کی نقل و حرکت پر پابندی نہیں لگائیں گے۔ بطور وزیر داخلہ کسی کا نام ای سی ایل میں نہیں ڈالا سیاسی بنیادوں پر کسی کا نام ای سی ایل میں نہیں ڈالنے دینگے۔

ماضی مین خاندانی دسمنی پر بھی نام ای سی ایل میں ڈال دیئے جاتے تھے انہوں نے کہا کہ نیب اور ایف آئی اے نے کسی کا نام ای سی ایل میں ڈلوانا ہے تو وہ سفارشات کمیٹی کو کرے گی۔ ماضی میں ای سی ایل کے قانون کو بے دردی سے استعمال کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ نئی پالیسی کے تحت جس شخص کا نام ڈالا جائے گا اس کو ایک ماہ میں وضاہت دینا ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ ڈبل پاسپورٹ والے اور ڈی پورٹ ہونے والے پاسپورٹ لسٹ میں رہیں گے۔

انہیں سزا پوری کرنا ہو گی۔ 80 ہزار جعلی شناختی کارڈ اب تک بلاک کئے جا چکے ہیں۔ جعلی شناختی کارڈ اور جعلی پاسپورٹ کے اجراء پاکستان کے لئے نقصان دہ ہیں۔ رجسٹریشن اتھارٹی کو کرپشن سے پاک کرنا ہے۔ ڈیرہ غازی خان اغواء ہونے والے چینی باشندے کو بازیاب کرا لیا ہے جلد چینی سفارت خانے کے حوالے کر دیں گے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ حکومت کی 2 سالوں میں فوج کے ساتھ کوئی تلخی نہیں ہوئی اچھے تعلقات ہیں وردی کا دفاع کرنا حکومت کی سیاسی قیادت کی ذمہ داری ہے۔

فوج کا دفاع کرنا حکومت کا کام ہے۔ فوج پر الزام لگانا کسی پاکستانی کے شایان شان نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کابینہ کا اجلاس پیر کو ہو گا جس میں نیشنل ایکشن پلان پر بریفنگ دوں گا۔ شجاع خانزادہ اپنی اور دوسروں کی سیکیورٹی کے ذمہ دار تھے۔ حملہ کیس میں تحقیقات میں نمایاں پیشرفت ہوئی ہے سانحہ اٹک پر پوری توجہ دے رہے ہیں۔ شجاع خانزادہ کو سیکیورٹی کے حوالے سے مطلع کیا گیا تھا انٹیلی جنس ایجنسیاں سانحہ اٹک کی تحقیقات کر رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی حالات میں بہتری کی رپورٹ کابینہ کے سامنے پیش کروں گا۔ ستمبر کے پہلے ہفتے میں تمام وزرائے اعلیٰ کا اجلاس بلواؤں گا۔ آرمی چیف کو بھی اس اجلاس میں شرکت کی دعوت دوں گا۔ ستمبر کے پہلے ہفتے میں تمام مدارس کی تنظیموں کے ساتھ اجلاس کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف والے نت نئے الزامات لگاتے ہیں انہیں شام نہیں آتی چیئرمین نادرا کو کیوں شرم آئے انہوں نے سچ کہا ہے۔