پاک فوج نے شمالی وزیرستان کی وادی شوال میں زمینی آپریشن شروع کردیا،فضائی اورزمینی کارروائیوں کے دوران فورسزکی کوآرڈینیشن قابل تحسین ہے،مقاصدجلد حاصل کئے جائیں،جنرل راحیل شریف، شمالی وزیرستان اور جنوبی وزیرستان میں 55 دہشتگرد ہلاک

جمعہ 21 اگست 2015 08:31

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔21اگست۔2015ء)پاک فوج نے شمالی وزیرستان کی وادی شوال میں زمینی آپریشن شروع کردیا ہے۔ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج نے شمالی وزیرستان کے علاقہ شوال میں زمینی آپریشن شروع کردیا ہے ،چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے فضائی اورزمینی کارروائیوں کے دوران فورسزکی کوآرڈینیشن کوسراہاہے۔ انہوں نے سیکیورٹی فورسز کو ہدایت کی ہے کہ فوجی آپریشنز کے مطلوبہ مقاصدجلدازجلدحاصل کئے جائیں۔

ادھرشمالی وزیرستان میں پاک فوج کی دہشت گردوں کے خلاف فضائی کاروائیوں میں 43 دہشت گرد ہلاک ہوگئے پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کے مطابق پاک فوج نے آپریشن ضرب عضب کے نتیجے میں شمالی وزیرستان کے علاقے غرالہ اور شوال میں دہشت گردوں کے خلاف فضائی کاروائی کی جس کے نتیجے میں غرالہ کے علاقے میں 28 دہشت گردوں جبکہ شوال کے علاقے میں 15 دہشت گردوں کو واصل جہنم کیا اسطر ح ان دونوں کاروائیوں میں 43 دہشت گرووں کو ہلاک کیا گیا ۔

(جاری ہے)

ادھرجنوبی وزیرستان میں سیکوڑٹی فورسز اور شدت پسندوں کے درمیان جھڑپ میں 12 دہشت گرد مارے گئے جبکہ ایک سیکورٹی اہلکار شہید 2 زخمی ہو گئے ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق جنوبی وزیرستان میں لدھا کے علاقے پڑیغر میں شدت پسندوں اور سیکورٹی فورسز میں جھڑپ ہوئی ۔ فورسز کی بھرپور جوابی کارروائی میں 12 دہشت گرد ہلاک ہوئے ۔