اقوام متحدہ کا پاک بھارت سرحدی صورتحال پر اظہارتشویش ،پاکستان اور بھارت ’انتہائی ضبط‘ سے کام لیں:،اختلافات مذاکرات کے ذریعے حل اور عام شہر یو ں کی حفا ظت کو یقینی بنا یا جا ئے ، بان کی مون

جمعرات 20 اگست 2015 09:05

نیو یا رک(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔20 اگست۔2015ء) اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون نے پاکستان اور بھارت کی سرحدی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے دونوں ممالک سے کہا ہے کہ وہ ’انتہائی ضبط‘ کا مظاہرہ کریں۔اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل کی جانب سے جاری کردہ تحریری بیان میں پاکستان اور بھارت پر زور دیا گیا ہے کہ وہ باہمی طور پر مذاکرات کریں۔

انھوں نے کہا کہ سرحدوں پہ پرتشدد واقعات کے نتیجے میں دونوں ملک ’انتہائی ضبط‘ سے کام لیں۔بان کی مون نے حال ہی میں لائن آف کنٹرول کے دونوں جانب پاکستانی اور بھارتی شہریوں کی ہلاکتوں پر تشویش کا اظہار کیا۔انھوں نے اپنے پیغام میں مقتولین کے لواحقین سے اظہارِ افسوس بھی کیا ہے۔سیکرٹیری جنرل نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ہمسایہ ممالک کو اپنے اختلافات کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنا چاہیے اور شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے ضروری اقدامات کرنے چاہیے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ وہ 23 اور 24 تاریخ کو پاکستان اور بھارت کے قومی سلامتی کے مشیروں کے درمیان دہلی میں طے شدہ مذاکرات کے مثبت نتائج کے لیے پرامید ہیں۔خیال رہے پاکستان کا دعویٰ ہے کہ گذشتہ دو ماہ کے دوران بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باوٴنڈری پر جنگ بندی کی 70 مرتبہ خلاف ورزی کی گئی ہے۔بھارت میں نریندر مودی کے وزیراعظم بننے کے بعد سے پاکستان اور بھارت کے تعلقات میں کشیدگی آئی ہے اور حال ہی میں پاکستان کے وزیراعظم نواز شریف اور بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے روس میں ایک دوسرے سے ملاقات کی اور بات چیت دوبارہ جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا تھا۔