وزیراعلیٰ کی زیرصدارت کابینہ کا خصوصی تعزیتی ریفرنس اجلاس،اٹک دھماکے کی شدید مذمت،شجاع خانزادہ شہید کو زبردست خراج عقیدت، کرنل (ر)شجاع خانزادہ شہید،ڈی ایس پی شوکت شاہ اور دیگر شہدا ء کی درجات کی بلندی کیلئے دعا، لواحقین سے ہمدردی اور تعزیت ،دہشت گردی کیخلاف جنگ کی قیادت میں خود کرونگا، دہشت گردوں کے خاتمے کیلئے جان لڑا دینگے:شہبازشریف،شجاع خانزادہ شہیدکے خون کی قسم کھا کر اور اللہ تعالیٰ کو گواہ بنا کروعدہ کرتا ہوں کہ دہشت گردوں کا پوری قوت کیساتھ مکمل صفایاکرینگے، کرنل(ر) شجاع خانزادہ شہیدکا خون ہم پرقرض ہے اورہم اس قرض کو اتارے بغیر چین سے نہیں بیٹھیں گے، پنجاب کابینہ کا دہشت گردی و انتہاء پسندی کے مکمل خاتمے کے بھرپور عزم کااعادہ ،ملکردہشت گردوں کو شکست دینے کا عزم

منگل 18 اگست 2015 09:01

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔18 اگست۔2015ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی زیرصدارت گزشتہ روز صوبائی کابینہ کا خصوصی تعزیتی ریفرنس اجلاس منعقد ہوا،جس میں گذشتہ روزاٹک میں خود کش دھماکے کی شدید مذمت کی گئی اور صوبائی وزیر داخلہ کرنل (ر)شجاع خانزادہ شہید،ڈی ایس پی شوکت شاہ اور دیگر شہدا ء کی درجات کی بلندی کیلئے دعاکی گئی۔اجلاس کے دوران پنجاب کابینہ کے اراکین نے کرنل (ر) شجاع خانزادہ شہید اوردیگر شہداء کے لواحقین سے ہمدردی اور تعزیت کااظہارکیا اورپنجاب کابینہ کے اراکین نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی جان کا نذرانہ پیش کرنے پر صوبائی وزیر کرنل شجاع خانزادہ شہید کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا،پنجاب کابینہ کے اجلاس میں دہشت گردی و انتہاء پسندی کے خاتمے کے مکمل عزم کااعادہ بھی کیا گیا۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے پنجاب کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کرنل (ر)شجاع خانزادہ شہیدنے قوم کے بہادر سپاہی کی طرح جام شہادت نوش کیا ہے اور رہتی دنیا تک یہ قربانی یاد رکھی جائے گی۔کرنل (ر)شجاع خانزادہ شہید ایک سچے،دیانتدار اورکھرے سیاستدان تھے ،جنہوں نے پنجاب میں انسداد دہشت گردی کیلئے گراں قدر خدمات سرانجام دیں،انہوں نے قوم کو حوصلہ اور ہمت دی۔

انسدادہشت گردی فورس کی تشکیل ہو یااینٹی گریٹڈ کمانڈ، کمیونیکشن اینڈ کنٹرول سینٹر کے قیام کا منصوبہ، انہوں نے ہمیشہ نمایاں کردار ادا کیا اور دوست ممالک کے بھی کئی دورے کیے۔ صوبے میں امن عامہ اورانسداد دہشت گردی کیلئے ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ شجاع خانزادہ شہید کابینہ کے اہم وزیر اورانتہائی محنتی اوردیانتدارسیاستدان تھے ،میں شجاع خانزادہ شہیدکی گراں قدر خدمات پران کیلئے وفاقی حکومت سے اعلیٰ ترین سول ایوارڈ کی سفارش کروں گا۔

وزیراعلیٰ شہبازشریف نے کہا کہ میں کرنل (ر)شجاع خانزادہ شہیدکے خون کی قسم کھا کر اور اللہ تعالیٰ کو گواہ بنا کروعدہ کرتا ہوں کہ ہم دہشت گردوں اوران کے سہولت کاروں کے خاتمے کیلئے جان لڑا دیں گے اورملک کو امن کا گہوارہ بنائیں گے۔دہشت گردی وانتہاء پسندی کی پاکستان میں کوئی گنجائش نہیں ۔ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کا پوری قوت کے ساتھ مکمل صفایاکیا جائے گااور کرنل (ر)شجاع خانزادہ شہیدکے خون کی عظمت کی قسم جب تک دہشت گردوں کا پنجاب اورملک سے مکمل خاتمہ نہیں ہوجاتا ،اس وقت تک ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

ہم نے جرأت ،بہادری،اتحاد اوراتفاق کیساتھ دہشت گردوں کو ان کے ٹھکانوں سے نکال کرعبرتناک انجام سے دو چار کرنا ہے۔ہم سب کو ملک کی حفاظت کیلئے جان قربان کرنے کا عہد کرنا ہے اوردہشت گردی کے خلاف جنگ کی قیادت میں خود کروں گااور دہشت گردوں کا ہر صورت خاتمہ کریں گے اوردہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنا ہوگا۔ ہمیں مل کر مشکلات اور چیلنجز سے نمٹنا ہے ، خوف ختم کرکے اتحاد اور یکسوئی سے دہشت گردوں کو شکست دینا ہوگی۔

ہمیں قوت اور طاقت سے آگے بڑھنا ہوگا۔ دہشت گردی کیخلاف کرنل (ر)شجاع خانزادہ شہید کے مشن کو آگے بڑھائیں گے اور دہشت گردوں کو عبرتناک شکست دینا ہوگی۔ وزیراعلیٰ نے کابینہ کے اراکین پر زور دیتے ہوئے کہا کہ آپ سب انسداد دہشت گردی کیلئے کمر کس لیں کیونکہ دہشت گردی اورانتہاء پسندی کے خاتمے پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔جان ہتھیلی پر رکھ کر کرنل (ر)شجاع خانزادہ شہید کے مشن کی تکمیل کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے عفریت کو ہمیشہ ہمیشہ کیلئے دفن کرنے کیلئے ہمت اورتسلسل کیساتھ آگے بڑھنا ہوگااورہم سب کو اتحاد اوراتفاق کی طاقت سے یہ جہاد کرنا ہے۔ زندگی اور موت اللہ تعالیٰ کے ہاتھ میں ہے ،کرنل (ر)شجاع خانزادہ شہید اپنے نام کی طرح شجاعت اورجرأ ت کے پیکر نکلے اوروہ قوم کے ہیرو ہیں۔اللہ تعالیٰ ان کے درجات مزید بلند فرمائے اوراہل خانہ کو صبر جمیل دے۔

انہوں نے کہاکہ معصوم انسانی جانوں کے خون سے ہاتھ رنگنے والے ملک اور قوم کے یہ دشمن قانون کے آہنی ہاتھوں سے کسی طور نہیں بچ سکیں گے-انہیں دنیا اور آخرت دونوں میں ذلت اوررسوائی کا سامنا کرنا پڑے گا-آج پاکستان کے تمام ادارے ان سفاک دہشت گردوں کے قلع قمع کیلئے یکسو اوریکجا ہیں-کرنل(ر) شجاع خانزادہ شہیدکا خون ہم پرقرض ہے اورہم اس قرض کو اتارے بغیر چین سے نہیں بیٹھیں گے-انہوں نے کہا کہ یہ وقت اب یا کبھی نہیں کا ہے،16دسمبر2014ء کو دہشت گردوں نے ہمارے معصوم بچوں کو نشانہ بنایا اور16اگست2015ء کوپنجاب کے وزیر داخلہ کو ۔

انشاء اللہ اتحاد اوراتفاق کی قوت سے دہشت گردوں کو شکست دے کرنئی تاریخ رقم کریں گے اورملک کوامن کا گہوارہ بنائیں گے۔ صوبائی وزراء، مشیران،معاونین خصوصی، چیف سیکرٹری،انسپکٹر جنرل پولیس اورسیکرٹریزنے بھی کرنل(ر) شجاع خانزادہ شہیدکی خدمات کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا اورکہا کہ ان کی شہادت ایک قومی نقصان ہے تاہم اب ہمیں ان کے مشن کو آگے بڑھاناہے۔کابینہ کے اراکین نے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف کیساتھ شانہ بشانہ چلنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا ۔اجلاس میں صوبائی وزراء، مشیران،معاونین خصوصی،چیف سیکرٹری،انسپکٹر جنرل پولیس،متعلقہ سیکرٹریز اوراعلی حکام نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :