بھارتی فوج کی نکیال سیکٹر میں بلا اشتعال فائرنگ ،2افراد شہید

اتوار 16 اگست 2015 09:42

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔16 اگست۔2015ء)بھارتی فوج کی نکیال سیکٹر کوٹلی میں بلا اشتعال فائرنگ سے2افراد شہید ہوگئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق نکیال سیکٹر میں بھارتی فوج کی فائرنگ سے زخمی ایک اور شخص دم توڑ گیا ہے اور شہداء کی تعداد2ہوگئی ہے۔بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ کے جواب میں پاک فوج نے بھی زبردست جوابی کارروائی کرتے ہوئے دشمن کی توپوں کو خاموش کرادیا ۔

قبل ازیں بھارتی فوج کا جنگی جنون ختم نہ ہوا ، کوٹلی نکیال سیکٹر میں دن میں دوسری بار بلااشتعال فائرنگ ایک شہری شہید چھ زخمی ہوگئے ۔ پاک فوج نے بھرپور جوابی کارروائی کرکے بھارتی توپوں کے منہ بند کر ا دیئے ۔ ہفتہ کے روز بھارتی مسلح افواج نے نکیال سیکٹر میں پہلے صبح کے وقت بلااشتعال فائرنگ کی جس میں دو افراد زخمی اور پانچ گھر تباہ ہوگئے تھے بھارتی فوج نے شام کو ایک بار پھر دسبی گاؤں میں بلااشتعال فائرنگ کی او رسویلین آبادی کو نشانہ بنایا ،بھارتی فورسز کی گولہ باری کے دوران ایک گولہ گاؤں میں ہونے والی شادی کی تقریب میں گرا اس واقعہ میں ایک شہری شہید اور چار زخمی ہوگئے ۔

(جاری ہے)

پاک فوج نے بھی بھارتی جارحیت کامنہ توڑ جواب دیا جس پر بھارتی توپوں کے منہ بند ہوگئے بھارتی فائرنگ سے لوگ گھروں میں محصور ہوکر رہ گئے اور پورا دن آنکھ مچولی کا سلسلہ جاری رہا واضح رہے کہ بھارت اگست میں چالیس سے زائد مرتبہ ایل او سی پر جنگ بندی کی خلاف ورزی کرچکا ہے جس پر بھارتی ہائی کمشنر کو متعدد بار دفتر خارجہ طلب کرکے احتجاج ریکارڈ کیا گیا ہے ۔

متعلقہ عنوان :