پاکستان کا سمجھوتہ ایکسپریس کے مرکزی ملزم کی رہائی پر بھارت سے شدید احتجاج ، بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر دفتر خارجہ طلب ، ملزمان کیخلاف کارروائی عمل میں نہ لانے پر شدید تشویش کا اظہار

ہفتہ 15 اگست 2015 09:08

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔15 اگست۔2015ء)پاکستان نے سمجھوتہ ایکسپریس کے مرکزی ملزم کی رہائی پر شدید احتجاج کرتے ہوئے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کرلیا اور ملزمان کیخلاف کارروائی عمل میں نہ لانے پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا ۔ترجمان دفتر خارجہ قاضی خلیل اللہ نے کہاہے کہ سمجھوتہ ایکسپریس کے مرکزی ملزم کی رہائی پر پاکستان کی جانب سے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کیا گیا اورملزم کی رہائی پر شدید احتجاج کیا گیاہے۔

اس موقع پر دفترخارجہ کی جانب سے کہا گیا کہ پاکستان کو سمجھوتہ ایکسپریس حملے کے مرکزی ملزم کی رہائی پر بھارتی عدالتی کارکر دگی پرشدید تحفظات ہیں۔دفتر خارجہ کاکہنا تھا کہ سمجھوتہ ایکسپریس حملے میں گرفتار دیگر ملزموں کیخلاف بھی کارروائی نہیں کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

2007ء میں سانحہ سمجھوتہ ایکسپریس میں دہشتگردوں نے بم دھماکوں کے ذریعے بیالیس پاکستانیوں کو شہید کردیا تھا جبکہ بعد میں پاکستان نے بھارت کو اس حوالے سے اہم ثبوت بھی فراہم کئے جبکہ اس حوالے سے سانحہ کے ملزمان بھی گرفتار کرلئے گئے تھے جبکہ سنگین جرائم میں ملوث ملزمان کی رہائی پر پاکستان کو سخت تشویش ہے۔ واضح رہے کہ سمجھوتہ ایکسپریس پر حملہ 2007میں ہواتھا جس میں 68سے زائد لوگ ہلاک جبکہ درجنوں زخمی ہوئے تھے۔