پاکستان بھر میں 69 واں یوم آزاد انتہائی جوش و خروش سے منایا گیا،نماز فجر کے ملک کی ترقی اور استحکام کیلئے خصوصی دعائیں ،شہداء کیلئے قرآن خوانی کا اہتمام کیا گیا،واہگہ بارڈر پر قومی پرچم اتارنے کی پروقار تقریب اللہ اکبر اور پاکستان زندہ باد کے نعروں کی گونج میں ختم ہو گئی

ہفتہ 15 اگست 2015 08:59

اسلام آباد،لاہور،کراچی،کوئٹہ،پشاور،نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔15 اگست۔2015ء)پاکستان کا 69 واں یوم آزادی ملک بھر میں انتہائی جوش و خروش سے منایا گیا،دن کے آغاز پر وفاقی دارالحکومت میں31 جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں21,21 توپوں کی سلامی دی گئی ،نماز فجر کے بعد ملک کی ترقی اور استحکام کے لئے دعائیں مانگی گئیں اور تحریک آزادی پاکستان کے شہداء کے لئے قرآن خوانی کا اہتمام بھی کیا گیا جبکہ یوم آزادی کی مرکزی تقریب اسلام آباد میں کنونشن سینٹر میں ہوئی جس میں صدر مملکت ممنون حسین ،وزیر اعظم نواز شریف نے پرچم کشائی کی جبکہ کنونشن سینٹر کی تقریب میں تینوں مسلح افواج کے سربراہان ،سپیکرقومی اسمبلی ایاز صادق ،وفاقی وزراء اور ارکان پارلیمنٹ نے شرکت کی ،تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے کیا گیا اور آپریشن ضرب عضب کے شہداء کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی گئی،جشن آزادی کے سلسلے میں چاروں صوبائی دارالحکومتوں ،آزاد کشمیر ،گلگت بلتستان اور فاٹا سمیت ملک بھر میں تقریبات منعقد ہوئیں،وزیراعلی پنجاب شہباز شریف نے مزار اقبال پر حاضری دی اور حضوری باغ میں پرچم کشائی کی اور مہمانوں کی کتاب میں تاثرات بھی قلمبند کئے،گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد اور وزیر اعلی سندھ قائم علی شاہ نے مزار قائد پر حاضری اور فاتحہ خوانی ،مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب ہوئی مزار قائد کی سکیورٹی پاک بحریہ کے چاک وچوبند دستوں کے حوالے کی گئی ،کوئٹہ میں پولیس لائنز میں یوم آزادی کی تقریب منعقد کی گئی جس میں وزیراعلیٰ ،گورنر بلوچستان اورسدرن کمانڈ سدرن لیفٹیننٹ ناصر ججوعہ اور ارکان صوبائی اسمبلی نے شرکت کی ،تقریب میں 400 فراریوں نے ہتھیار ڈال کر قومی دھارے میں شامل ہونے کا اعلان کیا ،بلوچستان کے شورش زدہ اضلاع میں بھی جشن آزادی انتہائی جوش وخروش سے منایا گیا جبکہ خیبر پختونخوا میں گورنر اور وزیراعلیٰ ہاؤسز میں بھی یوم آزادی کے حوالے تقاریب کا اہتمام کیا گیا ،وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے کہا کہ ہمارے بزرگوں نے بہت قربانیوں کے بعد یہ ملک حاصل کیا ،آج کا دن بہت اہم ہے اپنے حقوق کیلئے آواز بلندی کرتے رہیں گے،نئی دہلی میں پاکستان کے ہائی کمیشن میں بھی جشن آزادی کی خوشی میں پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی ،پاکستانی ہائی کمیشن عبدالباسط نے پرچم کشائی کی ،تقریب میں پاکستانی ملی نغمے بھی پیش کئے گئے،ہائی کمیشن عبدالباسط نے کہا کہ کشمیر کا مسئلہ ضرور حل کر لیں گے اور کشمیریوں کے حق خودارادیت کیلئے جدوجہد جاری رکھیں گے ،ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت مل کر مذاکرات کے ذریعے مسئلہ کشمیر کے حل کی جانب بڑھ رہے ہیں،ادھر ملک بھر کی طرح آزاد و مقبوضہ کشمیر اور دنیا بھر کے مختلف شہروں میں بھی یوم آزادی انتہائی جوش و خروش سے منایا گیا ہے، مظفر آباد میں دن کا آغاز 21 توپوں کی سلامی کے ساتھ ہوا اور مختلف سیاسی وسماجی تنظیموں کی جانب سے جلسے جلوس اور ریلیاں نکالی گئیں اور سیمینارز کا انعقاد کیا گیا ،دوسری جانب مقبوضہ کشمیر میں بھی حریت رہنما نے پاکستانی پرچم فضاء میں بلند کر کے پاکستان کے یوم آزادی کی تقریب کا آغاز کیا اور ملی نغمے گائے،ریلیوں اور تقاریب میں پاکستان کے حق اور بھارت مخالف نعرے بازی کی گئی ،دوسری جانب ملک بھر میں یوم آزادی پر کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کے لئے ملک بھر میں سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے۔

(جاری ہے)

ادھرواہگہ بارڈر پر قومی پرچم اتارنے کی پروقار تقریب اللہ اکبر اور پاکستان زندہ باد کے نعروں کی گونج میں ختم ہو گئی۔ پاکستان کے 68ویں یوم آزادی کے موقع پر یہ تقریب خصوصی اہمیت اختیار کر گئی تھی جس کی وجہ سے واہگہ بارڈر پر لاکھوں پاکستانیوں نے اس تقریب کو اپنی آنکھوں سے دیکھا۔ پرچم اتارنے کی اس تقریب میں بوڑھوں، خواتین اور بچوں کی بہت بڑی تعداد نے شرکت کی۔

تقریب کے شرکاء کا جوش قابل دید تھا۔ تقریب کے دوران لمحہ بہ لمحہ شرکاء اللہ اکبر، پاکستان زندہ باد، پاک فوج زندہ باد کے کے نعرے بلند کرتے رہے۔ نعروں کی گونج اس قدر شدید تھی کہ سرحد پار دور دراز تک سنائی دیتی رہی۔ پاکستان کے عوام کے نعروں کی گونج سے سرحد پار بھارتی عوام کے نعروں کی گونج ماند پڑ گئی اور پاکستانی عوام کا جوش و خروش لمحہ بہ لمحہ شدت پکڑتا رہا۔

تقریب کے دوران ستلج رینجرز کے جوانوں نے پریڈ کا بھرپور مظاہرہ کیا اور شرکاء کا خون جوش مارتا رہا۔ شرکاء تقریب میں اعلیٰ سول اور فوجی افسران نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ گزشتہ روز کی قومی پرچم اتارنے کی تقریب میں زندہ دلان لاہور نے لاکھوں کی تعداد میں شرکت کر کے ملک دشمن عناصر پر واضح کر دیا ہے کہ زندہ دلان لاہور دہشت گردی یا بھارتی ہٹ دھرمی کے واقعات سے ڈرنے والے نہیں۔ اپنے ملک اور قوم کی خاطر ہر قربانی دینے کیلئے تیار ہیں۔

متعلقہ عنوان :