دہشتگردوں اور انکی مالی مدد کرنیوالوں کو ملک میں چھپنے کی کوئی جگہ نہیں ملے گی ، بالآخر منطقی انجام کو پہنچیں گے ،راحیل شریف ، آپریشن ضرب عضب کی کامیابیوں، فوجی افسروں اور جوانوں کی قربانیوں کو پوری قوم نے سراہا ہے ، شمالی وزیرستان میں آپریشن اپنے آخری مراحل میں ہے ،آرمی چیف کا شمالی وزیرستان کے اگلے مورچوں کے دورہ کے موقع پر خطاب

جمعرات 13 اگست 2015 09:48

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ 13 اگست۔2015ء)چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ ریاست کے دشمن دہشتگردوں اور انکی مالی مدد کرنیوالوں کو ملک میں چھپنے کی کوئی جگہ نہیں ملے گی اور بالآخر یہ اپنے منطقی انجام تک پہنچیں گے ، آپریشن ضرب عضب کی کامیابیوں اور فوجی افسروں اور جوانوں کی قربانیوں کو پوری قوم نے سراہا ہے ، شمالی وزیرستان میں آپریشن اپنے آخری مراحل میں ہے ۔

آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے بدھ کو وزیرستان کے اگلے مورچوں کا دورہ کیا اور جاری آپریشنز میں ہونیوالی پیشرفت کا جائزہ لیا ۔ آپریشنز کے نتیجہ میں حاصل ہونیوالی اب تک کی کامیابیوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے آرمی چیف نے مشکل ترین علاقہ میں دہشتگردوں کا مقابلہ کرنے کے دوران فوجی جوانوں کے بلند ترین جذبہ کو سراہا ۔

(جاری ہے)

جنرل راحیل شریف نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب شمالی وزیرستان ایجنسی میں اپنے آخری مراحل میں ہے اور اکا دکا بچے ہوئے دہشتگرد جن کونوں کھدروں میں چھپے ہوئے ہیں انہیں بھی جلد دہشتگردوں سے پاک کر دیا جائیگا ۔ چیف آف آرمی سٹاف نے شوال سمیت مستقبل کے مجوزہ آپریشنز کا جائزہ لیا اور کمانڈروں کو ہدایت کی کہ ان دہشتگردوں کا اپنے دوستوں سے رابطہ منقطع رکھا جائے اور وہ کسی بھی طرح باہر سے مدد حاصل نہ کر پائیں ۔

انہوں نے کہاکہ ریاست کے ان دشمنوں اور ان کی مالی مدد کرنیوالوں کو ملک میں چھپنے کی کوئی جگہ نہیں ملے گی اور بالآخر یہ اپنے منطقی انجام تک پہنچیں گے ۔ آرمی چیف نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب میں حاصل ہونیوالی کامیابیوں اور ہمارے افسروں اور جوانوں کی قربانیوں کا پوری قوم نے اعتراف کیا ہے