کراچی کے علاقے کورنگی نمبر ساڑھے 5 میں پولیس موبائل پر نامعلوم مسلح موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ ، اے ایس آئی سمیت 4 پولیس اہلکار جاں بحق

جمعرات 13 اگست 2015 09:08

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔13 اگست۔2015ء) کراچی کے علاقے کورنگی نمبر ساڑھے 5 میں پولیس موبائل پر نامعلوم مسلح موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے اے ایس آئی سمیت 4 پولیس اہلکار جاں بحق ہو گئے ۔ تفصیلات کے مطابق بدھ کے روز کراچی کے علاقے کورنگی نمبر ساڑھے پانچ میں زمان ٹاؤن کے قریب نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے پولیس کی کھڑی ہوئی موبائل وین پر اندھادھند فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں دو اہلکار موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جبکہ دو اہلکار ہسپتال منتقل کرتے ہوئے راستے میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے ۔

(جاری ہے)

پولیس اہلکار ہوٹل میں دوپہر کا کھانا کھا کر وین میں سوار ہوئے اور ملزمان نے فائرنگ کر دی۔ جاں بحق ہونے والے پولیس اہلکاروں میں اے ایس آئی عقیل ، کانسٹیبل انوار ، اختر اور جمیل شامل ہیں پولیس کے مطابق 2 موٹر سائیکلوں پر سوار 4 ملزمان نے گھات لگا کر موبائل پر فائرنگ کی جبکہ فائرنگ میں جدید کلاشنکوف کا استعمال کیا گیا ۔ واقعہ کے بعد ریسکیو ٹیمیں جائے وقوع پر پہنچ گئی اور تمام نعشوں کو پوسٹ مارٹم کے لئے جناح ہسپتال منتقل کر دیا جبکہ ملزمان کی تلاش کے لئے علاقے بھر میں ناکہ بندی کر کے چھاپہ مار کارروائیوں کا آغاز کر دیا ہے ۔