حق پرست اراکین اسمبلی نے جرات کیساتھ استعفے جمع کرواکر پوری قوم کاسرفخر سے بلند کردیا ، الطاف حسین کا خراج تحسین، ایم کیوایم ایک تحریک ہے جو آنے والی نسلوں کے بہتر مستقبل کیلئے جدوجہد کررہی ہے حقوق کی جنگیں ،بزدلی سے نہیں بلکہ مضبوط قوت ارادی، مہارت اور جرات کے ساتھ لڑ کرہی جیتی جاسکتی ہیں، ا قومی اسمبلی کے ایوان میں ڈاکٹر فاروق ستارکی معرکة الآرا تقریرتاریخ کا حصہ بن چکی ہے،نائن زیروعزیزآباد اور اسلام آباد میں رابطہ کمیٹی ،حق پرست عوامی نمائندوں اور شعبہ جات کے ارکان سے خطاب

جمعرات 13 اگست 2015 09:01

لندن( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔13 اگست۔2015ء)متحدہ قومی موومنٹ کے قائد جناب الطاف حسین نے کہاہے کہ حق پرست ارکان سینیٹ ، قومی اور صوبائی اسمبلی نے ہمت وجرات کے ساتھ اپنے استعفے جمع کرواکر پوری قوم کاسرفخر سے بلند کردیا ہے ۔ یہ بات انہوں نے نائن زیروعزیزآباداور اسلام آباد میں حق پرست سینیٹرز، ارکان قومی وصوبائی اسمبلی کے اجلاس سے ٹیلی فون پر خطاب کرتے ہوئے کہی۔

اس موقع پر رابطہ کمیٹی اور مختلف شعبہ جات کے ارکان بھی موجود تھے ۔ اپنے خطاب میں جناب الطاف حسین نے کہاکہ حق پرست عوامی نمائندوں نے ایم کیوایم کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنانے کے خلاف جس طرح اپنے اپنے استعفوں کی جامع وجوہات بیان کی ہیں اور ماتھے پر شکن لائے بغیرمتعلقہ ایوانوں میں استعفے پیش کیے اس پر میں تمام حق پرست عوامی نمائندوں کو فرداً فرداً زبردست شاباش اور خراج تحسین پیش کرتاہوں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ جب انسان تمام ترخطرات اور خدشات کے باوجود ہمت وجرات کا مظاہرہ کرتا ہے تو ہرمشکل آسان ہوجایاکرتی ہے۔ جناب الطاف حسین نے کہاکہ ایم کیوایم ایک سیاسی جماعت نہیں بلکہ ایک تحریک ہے جو آنے والی نسلوں کے بہتر مستقبل کیلئے جدوجہد کررہی ہے ، حق پرستی کی یہ جدوجہد انتہائی مشکل اور دشوار گزار ہے اور اس راہ میں آنے والی رکاوٹوں کا صرف ہمت وجرات اورثابت قدمی سے ہی مقابلہ کیاجاسکتا ہے ۔

انہوں نے کہاکہ حقوق کی جنگیں بزدلی سے نہیں بلکہ مضبوط قوت ارادی، مہارت اور جرات کے ساتھ لڑ کرہی جیتی جاسکتی ہیں لہٰذا ہمیں چاہیے کہ ہم اللہ تعالیٰ کے سوا کسی سے نہ ڈریں اور ایمانداری سے اپنی جدوجہد جاری رکھیں۔ جناب الطاف حسین نے کہاکہ آج میں یہ بات فخریہ انداز میں کہنا چاہتا ہوں کہ ڈاکٹر فاروق ستار نے قومی اسمبلی کے ایوان میں جو معرکة الآرا تقریر کی ہے وہ ہمیشہ ہمیشہ کیلئے تاریخ کا حصہ بن چکی ہے، اسے تاریخ میں کبھی بھلایا نہیں جاسکتا اور اس تاریخی تقریر پر میں اپنی ، رابطہ کمیٹی پاکستان اور لندن کے ساتھیوں اورپوری قوم کی جانب سے ڈاکٹر فاروق ستار کو دل کی گہرائی سے زبردست خراج تحسین اور سلام تحسین پیش کرتا ہوں۔