ایم کیو ایم کے ارکان سینیٹ، قومی اور سندھ اسمبلی سے مستعفی،متحدہ قومی موومنٹ کے ارکان نے استعفے دینے کا فیصلہ کراچی میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف جاری رینجرز آپریشن میں مبینہ طور پر متحدہ کو نشانہ بنائے جانے پر کیا،فاروق ستار، طاہر مشہدی ، خواجہ اظہار الحسن کی قیادت میں استعفے سپیکر سردار ایاز صادق ، چیئرمین سینٹ میاں رضا ربانی اور سپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کو پیش کر گئے،سندھ اسمبلی کے51 ، قومی اسمبلی کے 24 ارکان اور 8سینٹر ز نے استعفے انفرادی طور پر پیش کیے گئے،بیرون ملک موجود ارکان کے استعفے فیکس کے ذریعے منگوائے گئے

جمعرات 13 اگست 2015 09:01

اسلام آباد/ کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔13 اگست۔2015ء )متحدہ قومی موومنٹ(ایم کیو ایم) کے ارکان نے قومی اسمبلی، سینیٹ اور سندھ اسمبلی سے استعفی دے دیئے ہیں۔ ایم کیو ایم نے استعفے دینے کا فیصلہ کراچی میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف جاری رینجرز آپریشن میں مبینہ طور پر متحدہ کو نشانہ بنائے جانے پر کیا ہے۔قومی اسمبلی میں ایم کیو ایم کے پارلیمانی لیڈر ڈاکٹر فاروق ستار، سینٹ میں طاہر مشہدی اور سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خواجہ اظہار الحسن کی قیادت میں استعفے سپیکر سردار ایاز صادق ، چیئرمین سینٹ میاں رضا ربانی اور سپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کے چیمبر میں پیش کر دیئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق بدھ کے روز متحد قومی مومنٹ کے اراکین ایوان بالا و زیریں ، اور سندھ اسمبلی سے مستعفی ہوگئے ہیں ، قومی اسمبلی کے24، سینٹ کے 8اور سندھ سے 51ارکین نے سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق ، چیئرمین سینٹ اور سپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کے چیمبر میں انفرادی طور پر استعفے جمع کرا دیئے ہیں ، متحدہ قومی موومنٹ کے رہنماؤں نے ایونوں سے استعفے کراچی میں جاری آپریشن پر تحفظات، ایم کیو ایم کے کارکنوں کے ماورائے عدالت قتل، رہنماؤں اور کارکنوں کی گرفتاریوں ، الطاف حسین کی تقریر پر پابندی ، مقدمات اور میڈیا ٹرائل سمیت دیگر اہم ایشوز کی وجہ سے احتجاجاً دیئے ہیں ،واضح رہے کہ متحدہ قومی مومنٹ کے سندھ اسمبلی میں 51اراکین ہیں جبکہ اسوقت ملک میں صرف40ارکین ہیں غیر حاضر ارکین کے استعفے فیکس کے ذریعے منگوائے گئے اوراپوزیشن لیڈر خواجہ اظہار الحسن نے جمع کروائے ہیں جبکہ قومی اسمبلی میں23اراکین نے انفرادی طور پر ہاتھ سے تحریر شدہ استعفے سپیکر قومی اسمبلی کے چیمبر میں جمع کروائے ہیں جبکہ ایک رکن کا استعفا فیکس کے ذریعے منگوایا گیا ہے ، دوسری طرف سینٹ میں ایم کیوایم کے لیڈر طاہر مشہدی کی قیادت میں 8سینٹر ز نے استعفے چیئر میں سینٹ کو پیش کیے ہیں سینٹر بابر غوری اور خوش بخت شجاعت کے استعفے فیکس کے ذریعے منگوائے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم ) کے 51ارکان سندھ اسمبلی کے استعفیٰ بدھ کو اسپیکر آغا سراج درانی کے پاس جمع کرادیئے گئے ۔41ارکان نے خود اسپیکر کو استعفیٰ پیش کیے ،جبکہ 10ارکان موجود نہیں تھے ۔ان کے استعفیٰ بھی اسپیکر کے پاس جمع کرائے گئے ۔اپوزیشن لیڈر خواجہ اظہار الحسن نے بتایا کہ 10ارکان سندھ اسمبلی ملک سے باہر گئے ہوئے ہیں ۔ان میں سید فیصل علی سبزواری ،محمد ارتضیٰ ،عدنان احمد ،اشفاق احمد منگی ،خالد بن ولایت ،عادل صدیقی ،ارم عظیم فاروقی ،عبداللہ ،افتخار عالم اور محمد کامران فاروقی شامل ہیں ۔

ایم کیو ایم کے ارکان نے استعفیٰ دینے سے پہلے ہی سندھ اسمبلی کے اجلاس میں شرکت نہیں کی ۔ان کے استعفوں کی وصولی کے بعد صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی نے کہا کہ ایم کیو ایم کے ارکان کے استعفوں کے بارے میں کوئی فیصلہ جلد بازی میں نہیں کروں گا ۔میں نے ان سے پہلے بھی کہا تھا کہ وہ استعفیٰ نہ دیں ۔اب اگر انہوں نے استعفیٰ دے دیئے ہیں تو پھر ان سے کہوں گا کہ وہ استعفیٰ واپس لے لیں ۔

ہم پنے پہلے بھی سندھ میں مل کر کام کیا ہے اور آئندہ بھی مل کر کام کرنا چاہتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ اتنی بڑی تعداد میں ارکان کے استعفے پہلے کبھی نہیں آئے ۔میں ایم کیو ایم سے کہوں گا کہ وہ اپنے فیصلے پر نظر ثانی کرے ۔اسپیکر سندھ اسمبلی نے کہا کہ ایم کیو ایم اگر استعفیٰ واپس نہیں لیتی ہے تو ان پر قواعد کے مطابق فیصلہ کروں گا ۔تحریری استعفوں کی پہلے چھان بین ہوگی اور پھر دیکھا جائے گا کہ ان پر دستخط اصل لوگوں کے ہیں یا نہیں ۔

کیا انہوں نے اپنی مرضٰ سے استعفیٰ دیئے یا ان سے استعفیٰ لیے گئے ۔اگر ضرورت پڑی تو ارکان کو تصدیق کے لیے بلایا بھی جاسکتا ہے قومی اسمبلی کے ترجمان کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق ایم کیو ایم کے24ارکان کے استعفے 12اگست کو دن کے3بجے سپیکر قومی اسمبلی کو موصول ہوگئے،سپیکر نے استعفے کو مزید کارروائی کیلئے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ بھجوا دئیے ہیں ان استعفوں پر متعلقہ برانچ مزید کارروائی کر رہی ہے متحدہ قومی موومنٹ کے اراکین سینٹ نے اپنے استعفے سینٹ سیکرٹریٹ میں جمع کرادئیے ہیں ،چیرمین سینٹ اور ڈپٹی چیرمین سینٹ نے ایم کیو ایم کے اراکین سے استعفے وصول کرنے سے انکار کر دیا ۔

بدھ کے روز ایم کیو ایم کے اراکین سینٹ نے سینیٹر طاہر حسین مشہدی کی قیادت میں اپنے استعفے چیرمین سینٹ میاں رضا ربانی کو پیش کئے تاہم چیرمین سینٹ نے ان سے استعفے لینے سے انکار کر دیا اور ہدایت کی کہ اپنے استعفے سینٹ سیکرٹریٹ میں جمع کئے جائیں جس پر ایم کیو ایم کے ارکین نے اپنے استعفے سینٹ سیکرٹریٹ میں جمع کرادئیے ہیں۔