بھارتی فوج کی فائرنگ سے زخمی ہونے والی 22 سالہ خا تو ن دم تو ڑ گئی، آزادکشمیر کے متعدد مقامات پر بھا رتی فو ج کی جا نب سے لائن آف کنٹرول کی کھلی خلاف ورزیاں جا ری ،بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنردفترخارجہ طلب،بھارتی فورسزکی کوٹلی ،بھمبرگلی اورنکیال سیکٹرمیں سیز فائر کی خلاف ورزی کرتے ہوئے فائرنگ کے واقعات پراحتجاج کیاگیا،ترجمان

بدھ 12 اگست 2015 08:33

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔12 اگست۔2015ء)بھارتی فورسز نے آزادکشمیر کے متعدد مقامات پر لائن آف کنٹرول کی کھلی خلاف ورزیاں کرتے ہوئے بلااشتعال فائرنگ شروع کر رکھی ہے،بھارتی قابض فوج اپنی خفت مٹانے اور مقبوضہ کشمیر میں جاری جدوجہد آزادی کو دبانے میں ناکامی کا بدلہ لینے کے لئے آزاد کشمیر میں ایل او سی کے قریبی علاقوں منڈھول ،مدارپور،بٹل ، خورشید آباد، نکیال ، عباسپوراور کوٹلی کے گوئی سیکٹر میں معصوم شہریوں کو نشانہ بناتی ہے۔

کوٹلی کے گوئی سیکٹر میں بھارتی فوج کی فائرنگ سے زخمی ہونے والی 22 سالہ فریدہ بی بی گزشتہ روز سی ایم ایچ راولپنڈی میں انتقال کر گئی جس کی نماز جنازہ کوٹلی میں ادا کر دی گئی۔ حال ہی میں ہندوستانی قابض فورسز نے بٹل سیکٹر کے دھر بازار میں ایک ایسے مکان پر گولے برسائے جہاں خواتین اور بچوں سمیت دس سے زائد افراد اس وقت موجود تھے، خوش قسمتی سے ا س گولہ باری سے جانی نقصان تو نہیں ہوا، لیکن گھر کی چھتیں اڑ گئیں،بچے سہم گئے جبکہ دیواریں گولیوں سے چھلنی ہونے سے گھر کا سامان ضائع ہو گیا۔

(جاری ہے)

دوسری جانب ان حساس علاقوں میں رہنے والے لوگ پاک فوج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے رہنے کا عزم لیے ہوئے ہیں۔اسپیکر آزادکشمیر قانون ساز اسمبلی سردار غلام صادق نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جنگ بندی کے علاقوں میں بھارتی افواج 2004ء میں ہونے والی سیز فائرمعاہدے کی کھلی خلاف ورزیاں کرتے ہوے آبادی پر وقفے وقفے سے فائرنگ کر رہی ہے ، بزدل فورسز کی ان کاروائیوں پر ڈرنے اور پیچھے ہٹنے والے نہیں۔

پاک فوج دشمن کا مقابلہ کرنے کے لیے سیسہ پلائی دیوار کی طرح ساتھ کھڑی ہے۔دوسری طرف کنٹرول لائن کے علاقے عباسپور سے منتخب ممبر اسمبلی چوہدری یاسین گلشن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا گزشتہ ایک ہفتے سے بھارتی قابض فوج کی طرف سے لائن آف کنٹرول پر مسلسل جنگ بندی کی خلاف ورزیوں اور شہری آبادی پر فائرنگ کے باوجود ان علاقوں میں رہنے والے لوگ پر عزم ہیں کہ مقبوضہ کشمیر کو بھی بھارتی تسلط سے آزادکرا کر دم لیں گے۔

یاسین گلشن کا کہنا تھا کہ عالمی برادری کواس بھارتی در اندازی کا نوٹس لینا چاہیے۔ادھرمدارپور سیکٹر کے دھر بازار میں گولیوں سے چھلنی اس گھر کے مکینوں نے دنیا نیوز کو بتایا کہ سورج غروب ہوتے ہی بھارتی فوج فائرنگ شروع کرتی ہے۔ بھارتی درندگی کے آثا ر اس علاقے کے ہر گھر کی دیواروں اور چھتوں پر واضع نظر آتے ہیں۔ ادھرپاکستان نے ایل اوسی پربھارتی فائرنگ کے واقعات پربھارتی ڈپٹی ہائی کمشنرکودفترخارجہ طلب کرکے احتجاج ریکارڈکرتے ہوئے کہاکہ بھارت2003ء کے سیزفائرمعاہدے کی پاسداری کرے ۔

ترجمان دفترخارجہ کے مطابق بھارتی ہائی کمشنرکومنگل کے روزدفترخارجہ میں طلب کیاگیا،جہاں پربھارتی فورسزکی کوٹلی ،بھمبرگلی اورنکیال سیکٹرمیں ایل اوسی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے فائرنگ کے واقعات پراحتجاج کیاگیا،ایل اوسی پربھارتی فائرنگ سے فریدہ بی بی نامی خاتون جاں بحق ہوگئی تھی ،پاکستان نے احتجاجی مراسلہ بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنرکے حوالے کیا،جس میں کہاگیاہے کہ بھارت ایل اوسی اورورکنگ باوٴنڈری پرخلاف ورزیاں بندکرے اور2003ء کے سیزفائرمعاہدے کی پاسداری کرے بھارت امن کی بحالی کیلئے اقدامات کرے ،بھارت عالمی قوانین کی مسلسل خلاف کررہاہے ،واضح رہے کہ بھارتی فورسزنے جولائی میں 33اوراگست میں 24بارایل اوسی پرسیزفائرکی خلاف ورزی کی ہے