ذوالفقار مرزا کا جمعیت علماء اسلام سندھ کے ساتھ مل کر سندھ سے کرپشن اور دیگر مسائل کے حل کیلئے مشترکہ جدوجہد کا اعلان

منگل 11 اگست 2015 09:22

بدین (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔11 اگست۔2015ء) ڈاکٹر ذوالفقار مرزا نے جمعیت علماء اسلام سندھ کے ساتھ مل کر سندھ سے کرپشن اور دیگر مسائل کے حل کیلئے مشترکہ جدوجہد کا اعلان کردیا۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق جے یو آئی سندھ کے جنرل سیکریٹری علامہ راشد محمود سومرو کے دورہ بدین کے موقع پر سابق صوبائی وزیر داخلہ سندھ ڈاکٹر ذوالفقار مرزا نے ان سے ملاقات کے بعد دونوں رہنماؤں نے مشترکہ پریس کانفرنس میں سندھ سے کرپشن، بدعنوانی کے خاتمے اور دیگر مسائل کے حل کیلئے مشترکہ جدوجہد کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ کے عوام اب ایک ہوکر کرپشن، بدعنوانی، ظلم وناانصافی کیلئے اعلان جنگ کرتے ہوئے بھرپور تحریک چلانے میں ہمارا بھرپور ساتھ دیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ جو لیڈر مال کھا کر لوٹی ہوئی دولت لے کر ملک سے فرار ہوگئے ہیں ان کو سزائیں سناکر جیل بھیجا جائے۔ انہوں نے کہا کہ آصف زرداری نے اور اس کی پارٹی نے سندھ میں ریکارڈ کرپشن کی ہے اور حالیہ اینٹی کرپشن کی کارروائیاں بھی ایک ڈرامہ ہیں۔