چین کی جانب سے سیلاب متاثرین کیلئے 50ہزار ڈالر کی امداد،سفارتخانہ کے چارج افیئر زہاوٴ لی ژان نے سیکرٹری جنرل ہلالِ احمر ڈاکٹر رضوان نصیر کو چیک پیش کیا، چین کی حکومت اور عوام مشکل کی اِس گھڑی میں برادر ملک پاکستان کے ساتھ ہیں،زہاوٴ لی ژان

منگل 11 اگست 2015 09:19

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔11 اگست۔2015ء)چین کی جانب سے ہلالِ احمر پاکستان کو سیلاب متاثرین کیلئے 50 ہزار امریکی ڈالر کا امدادی چیک دیا گیا۔ اِس سلسلے میں چینی سفارتخانہ کے چارج افیرز مسٹر زہاوٴ لی ژان نے نیشنل ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں سیکرٹری جنرل ہلالِ احمر پاکستان ڈاکٹر رضوان نصیر کو امدادی چیک پیش کیا۔ اِس موقع پر مسٹر زہاوٴ لی ژان کا کہنا تھا کہ چین کی حکومت اور عوام مشکل کی اِس گھڑی میں برادر ملک پاکستان کے ساتھ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم دکھ اور درد کے اِن لمحات میں سیلاب متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، ریلیف، ریسکیو اور طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے ہر ممکن مدد و تعاون جاری رکھیں گے۔ ہلالِ احمر کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر رضوان نصیر نے اِس موقع پر حکومت چین کا امداد و تعاون کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ چین نے ہمیشہ ہر مشکل وقت پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔

(جاری ہے)

دونوں ممالک کی دوستی لازوال اور عظیم ہے۔ امدادی چیک اِس بات کا مظہر ہے کہ تمام چینی قوم مشکل کی اِس گھڑی میں پاکستان کے سیلاب متاثرین کے ساتھ ہے۔ یہ اقدام عوام سے عوام کے تعلق کو بھی مضبوط اور مستحکم بنانے میں مدد گار ثابت ہوگا۔ڈاکٹر رضوان نصیر نے کہا کہ ہلالِ احمر ایک ہزار سے زائد سیلاب متاثرہ خاندانوں کو خشک راشن اور طبی سہولیات فراہم کررہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئی سی آر سی، آئی ایف آر سی سے ہلالِ احمر مکمل رابطہ میں ہے اور سیلاب متاثرین کی بھرپور مدد جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہلالِ احمر کی ریلیف اینڈ ریسکیو ٹیمیں بروقت چترال پہنچیں۔ طبی امداد کے علاوہ 500 متاثرہ خاندانوں میں امدادی اشیاء تقسیم کیں۔ ہلالِ احمر کی پنجاب برانچ نے نیشنل ہیڈ کوارٹرز کے تعاون سے متاثرہ علاقوں میں اپنی امدادی ٹیمیں لیہ اور راجن پور روانہ کیں تاکہ متاثرین سیلاب کو بروقت امداد فراہم کی جاسکے۔

سیکرٹری جنرل ڈاکٹررضوان نصیر نے مزید بتایا کہ ہلالِ احمر کے چیئرمین ڈاکٹر سعید الٰہی کی ہدایت پر ڈائریکٹر آپریشن غلام محمد اعوان چترال گئے اور متاثرین کی ضروریات مدد سے متعلق ابتدائی معلومات حاصل کیں تاکہ اِن معلومات کی بنیاد پر متاثرین کی ضروریات پوری کی جاسکیں۔ سیکرٹری جنرل ڈاکٹر رضوان نصیر نے ریڈ کراس سوسائٹی آف چائنہ کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ اُنہوں نے 2005 کا بدترین زلزلہ ہو یا 2010-2011-2013اور 2014 کا سیلاب ہو ریڈ کراس سوسائٹی آف چائنہ نے ہلالِ احمر پاکستان سے بھرپور تعاون کیا ہے۔

متعلقہ عنوان :