آج قومی اسمبلی کے اجلاس میں حکومتی اراکین تحریک انصاف کے اراکین کو ڈیسک بجا کر خوش آمدید کہیں گے

پیر 10 اگست 2015 09:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔10 اگست۔2015ء) قومی اسمبلی کے آج ہونے والے اجلاس میں حکومتی اراکین تحریک انصاف کے اراکین پارلیمنٹ کو ڈیسک بجا کر خوش آمدید کہیں گے ۔ وزیر اعظم نے وزراء اور نون لیگ کے اراکین کو تحریک انصاف پر تنقید کرنے سے روک دیا ہے ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق قو می اسمبلی میں دھرنے کے دوران 40 روز سے زائد غیر حاضر رہنے والے تحریک انصاف کے 28 اراکین کو قومی اسمبلی سے ڈی سیٹ کرنے کے حوالے سے جے یو آئی (ف) اور ایم کیو ایم کی تحریک حکومت کی مخالفت کے باعث واپس لینا پڑی ۔

تحریک انصاف کے اراکین آج ( پیر ) کو عمران خان کی قیادت میں قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لئے آئیں گے ۔ جن کو وزیر اعظم کی ہدایت پر حکومتی اراکین اور وزراء ڈیسک بجا کر خوش آمدید کہیں گے ۔ وزیر اعظم کی جانب سے تحریک انصاف کو پارلیمنٹ میں آ کر جمہوریت کو مضبوط کرنے اور اپنا کردار ادا کرنے کی دعوت دی گئی ہے ۔جس کو تحریک انصاف نے قبول کرتے ہوئے پارلیمنٹ میں آنے کا فیصلہ کیا ۔