پارلیمنٹ کو جعلی کہنے والے عمران خان آج اسی پارلیمنٹ میں جانے کیلئے عوام سے ووٹ مانگ رہے ہیں، پرویز رشید ، پچھلے سال 14 اگست کو عمران خان نے یوم سیاہ کا دن منایا تھا ، 14 اگست ہماری خوشی کا دن ہے، ہری پور میں انتخابی جلسے سے خطاب ، اگلے دو سال میں ملک سے بجلی بحران کا خاتمہ کردیں گے، آصف کرمانی ، وہ وقت دور نہیں کہ دنیا بھر سے لوگ پاکستان میں ملازمت کی تلاش کیلئے آئیں گے پیر صابر شاہ کا بھی خطاب

پیر 10 اگست 2015 09:00

ہری پور (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔10 اگست۔2015ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ کو جعلی کہنے والے عمران خان آج اسی پارلیمنٹ میں جانے کیلئے عوام سے ووٹ مانگ رہے ہیں پچھلے سال 14 اگست کو عمران خان نے یوم سیاہ کا دن منایا تھا ۔ 14 اگست ہماری خوشی کا دن ہے ۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر آصف کرمانی نے کہا کہ اگلے دو سال میں ملک سے بجلی بحران کا خاتمہ کردیں گے۔

سابق وزیر اعلیٰ کے پی کے پیر صابر شاہ نے کہا کہ بیرونی تجزیہ کار پاکستان کی ابھرتی ہوئی معیشت کی تعریف کرتا ہے وہ وقت دور نہیں کہ دنیا بھر سے لوگ پاکستان میں ملازمت کی تلاش کیلئے آئیں گے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار ہری پور کے علاقے سری کوٹ میں انتخابی جلسے سے خطاب کے دوران کہی۔

(جاری ہے)

پرویز رشید کا کہنا ہے کہ ملک میں عید منانے کے دن کے تہوار پر اختلافات ہوتے ہیں جبکہ 14 اگست کا دن منانے پر کوئی اختلاف نہیں ہے۔

یہ دن سب کا متفقہ خوشی کا دن ہے کہ اس دن پر پاکستان نے دشمن سے آزادی حاصل کی تھی۔ 14 اگست ہماری خوشی کا دن ہے پچھلے 14 اگست کو عمران خان نے یوم سیاہ کا دن منایا تھا۔ 13 اگست کو لاہور سے پارلیمنٹ پر حملہ کرنے نکلے تھے انہوں نے کہا کہ آج یہ عوام کی فتح ہے کہ پارلیمنٹ میں جانے کیلئے عوام سے ووٹ مانگنا پڑتا ہے ۔ 16 اگست کو پارلیمنٹ یرغمال ہوچکا تھا اسی 16 اگست کو مسلم لیگ (ن) کے امیدوار کو ووٹ دے کر عمران خان سے انتقام لینا ہے انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ حکومت ملک میں توانائی کے بحران کو ختم کرنے اور سڑکوں کے جال بچھانے کا عزم کر رکھا ہے۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر آصف کرمانی کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے ملک کی گرتی ہوئی معیشت کو بحال کردیا اگلے دو سال میں ملک سے بجلی کا بحران ختم کردے گا ۔ وزیراعظم نواز شریف نے قوم سے کراچی کے امن کو بحال کرکے دکھا دیا پر امن بلوچستان پیکج پیش کیا اس پر امن بلوچستان پیکج کے ذریعے سے ناراض بلوچ بہت جلد قومی دھارے میں شامل ہوجائیں گے انہوں نے کاہ کہ خیبرپختونخواہ میں پچھلے دو سال میں کیا تبدیلی آئی ہسپتالوں ‘ سکولوں کی حالت پہلے سے خراب ہوگئی ہے صوبائی حکومت کی کارکردگی پر سر شرم سے جھک جاتا ہے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے بروقت فیصلوں سے کراچی کا امن بحال ہوکر معیشت کا پہیہ چل پڑا ہے ان کا کہنا تھاکہ ہزارہ موٹر وے کی تکمیل سے علاقے میں ترقی کی راہ ہموار ہوجائے گی۔

سابق وزیراعلیٰ کے پی کے پیر صابر شاہ نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے میں ہری پور کو فری ٹریڈ زون کا درجہ دیا جائے ۔ وزیراعظم نواز شریف نے مجھے شادی کے موقع پر پانی کے ٹیوب ویل کا تحفہ دیا تھا۔