افغان حکام اور افغان طالبان کے مابین مذاکرات جاری رکھنے کی حمایت کرتے ہیں،مولانا سمیع الحق ،امیر جے یو آئی س سے افغان سفیر کی ملاقات، افغان صدر کا پیغام پہنچایا ،افغان حکومت نے مذاکرات میں تعاون مانگ لیا ،مولانا کو افغان وزیر خارجہ کا ٹیلی فون بھی آیا، امن مذاکرات میں تعاون کرنے کا یقین دلایا،ترجمان جے یو آئی س

اتوار 9 اگست 2015 09:02

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔9 اگست۔2015ء) جمعیت علمائے اسلام (س) کے امیر مولانا سمیع الحق نے کہا ہے کہ جمعیت علماء اسلام (س) افغان حکام اور افغان طالبان کے درمیان مذاکرات جاری رکھنے کی حمایت کرتی ہے ۔

(جاری ہے)

جمعیت علمائے اسلام (س) کے ترجمان کے مطابق اسلام آباد میں مولانا سمیع الحق نے پاکستان میں افغان سفیر سے ملاقات کی جس میں دونوں رہنماؤں نے افغان حکام اور افغان طالبان کے درمیان مذاکرات جاری رکھنے کے حوالے سے معاملہ پر تبادلہ خیال کیا اس دوران افغان سفیر نے افغانستان کے صدر اشرف غنی کا پیغام بھی مولانا سمیع الحق کو پہنچایا جس میں جمعیت علمائے اسلام افغان حکام اور افغان طالبان کے درمیان مذاکرات میں تعاون کا حوالہ دیا گیا تھا ۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ ملاقات کے وقت افغان وزیر خارجہ کا فون بھی آیا اور افغان وزیر خارجہ نے مولانا سمیع الحق کے ساتھ مذاکرات کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی مولانا سمیع الحق نے افغان وزیر خارجہ کو امن مذاکرات میں تعاون کرنے کا یقین دلایا ۔