8 کروڑ روپے کی مبینہ کرپشن ، پی پی پی کے سابق صدر قاسم ضیاء اور عثمان سعیدکو نیب نے گرفتارکرلیا،چودہ روزہ ریمانڈ حاصل ، سکیورٹی کمپنی کے دیگر افراد کی گرفتاری کیلئے چھاپے

اتوار 9 اگست 2015 08:57

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔9 اگست۔2015ء) قومی احتساب بیورو لاہور نے 8 کروڑ روپے کی مبینہ کرپشن کے الزام میں سابق رکن صوبائی اسمبلی اور پاکستان ہاکی فیڈریشن و پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب کے سابق صدر قاسم ضیاء اور علی عثمان سیکیورٹیز کے ڈائریکٹر محمد عثمان سعید کو گرفتار کرلیا۔ ان ملزموں کو بڑے پیمانے پر عوام کے ساتھ دھوکہ دہی، بدعنوانی اور فنڈز میں خرد برد کے ساتھ ساتھ عوام کے اعتماد کو نقصان پہنچانے کی پاداش میں گرفتار کیا گیا ہے۔

قاسم ضیاء اور دیگر دو ڈائریکٹرز نے فراڈ کے ذریعے عوام سے پیسے بٹورے، نیب لاہور نے قاسم ضیاء کے خلاف 80 سے زائد متاثرین نے شکایات درج کرائیں جبکہ ان کے ساتھ محمد عثمان سعید بھی شامل ہیں جن کے خلاف فنڈز میں خردبرد اور عوام کو بڑے پیمانے پر دھوکہ دہی کے الزامات لگائے گئے جس کے نتیجہ میں ڈی جی نیب لاہور نے ان کے خلاف باقاعدہ تفتیش کی اجازت دی اور ہفتہ کوانہیں گرفتار کرکے احتساب عدالت کے سامنے پیش کیا گیا جہاں احتساب عدالت لاہور نے ان کا دس روزہ جسمانی ریمانڈ دیا۔

(جاری ہے)

پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب کے رہنما و سابق اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی قاسم ضیاء کو کرپشن کے الزام میں نیب نے گرفتار کرکے چودہ روزہ ریمانڈ حاصل کرلیا،ان کی کمپنی کے دیگر افراد کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں ۔ ذرائع کے مطابق قاسم ضیاء کی علی سلطان سکیورٹی کمپنی ہے جو 70کروڑ سے زائد کی ڈیفالٹر ہے ان پر الزام ہے کہ وہ تین کروڑ 70لاکھ روپے کی بدعنوانی کے مرتکب ہوئے ہیں ۔

کمپنی کے ایک اور ڈائریکٹر عثمان سعید کو بھی حراست میں لیا گیا ہے جن کا بھی چودہ روزہ ریمانڈ حاصل کرلیا گیا ہے جبکہ دیگر سات سے آٹھ ڈائریکٹرز کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں ۔ ذرائع کے مطابق قاسم ضیاء پر کمپنی کے ڈائریکٹر عثمان سعید کو لاہور کے ٹھوکر نیاز بیگ انوسٹی گیشن سیل میں منتقل کیا گیا ہے جہاں ان سے مزید تفتیش کی جائے گی ۔

نیب کی طرف سے متعدد بارقاسم ضیاء سے رابطہ کرکے تفتیش کی کوشش کی گئی مگر ان کی جانب سے عدم تعاون کے بعد گرفتاری کا فیصلہ کیا گیا ۔ پاکستان پیپلز پارٹی رہنما قاسم ضیاء ماضی میں قومی ہاکی ٹیم کے صدر بھی رہے ہیں 1984ء میں لاس اینجلس اولمپکس میں سونے کا تمغہ جیتنے والی ٹیم کا حصہ بھی تھے ۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے دور اقتدار میں قاسم ضیاء کو اکتوبر 2008ء میں پاکستان ہاکی فیڈریشن کا سربراہ بھی مقرر کیا گیا تھا ۔

متعلقہ عنوان :