نوازشریف ،عمران خان ملاقات کیلئے اسٹیبلشمنٹ سرگرم، بعض اہم شخصیات کا دونوں رہنماؤں سے رابطہ ،وزیر اعظم نے اپنے ممبر ان پارلیمنٹ کو تلخی کا باعث بننے والے بیانا ت سے روک دیا

ہفتہ 8 اگست 2015 09:17

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔8 اگست۔2015ء)وزیراعظم محمدنوازشریف اورتحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کے درمیان ملاقات کرانے کیلئے اسٹیبلشمنٹ سرگرم ہوگئی۔خبر رساں ادارے کوذرائع نے بتایاکہ بعض اہم شخصیات اورحکومتی اداروں نے وزیراعظم نوازشریف اورعمران خان کے ساتھ ون ٹوون ملاقات کیلئے سرگرم ہوگئے ،اس سلسلے میں بعض اہم شخصیات نے وزیراعظم اورعمران خان سے رابطہ کیاہے اور قومی اسمبلی میں تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان اوران کے دیگرساتھی ممبران کی اسمبلی میں آنے کے بعدملاقات متوقع ہے ۔

ذرائع نے یہ بھی کہاہے کہ وزیراعظم کی طرف سے اپنے ممبران پارلیمنٹ کوہدایت کردی گئی کہ وہ تحریک انصاف کے ممبران اورچیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے بارے میں کوئی ایسابیان نہ دیں جس سے تلخی پیداہو،اورحکومت کیلئے مشکلات ہوں ۔

(جاری ہے)

اسٹیبلشمنٹ نے موجودہ صورتحال کے پیش نظراورخاص کرہمسائیہ ملک بھارت کی طرف سے آئے روزسرحدی خلاف ورزیوں اوردیگرملکی مسائل جن میں دہشتگردی بھی شامل ہے کیلئے سرگرم ہیں ان حالات میں ضروری ہے کہ پاکستان کی تمام سیاسی جماعتیں متحدہوکردہشتگردی کے ساتھ ساتھ ان عناصرکامقابلہ کرسکیں جوملک دشمنی میں پاکستان کونقصان پہنچانے میں درپاہیں ۔

خبر رساں ادارے کویہ بھی معلوم ہواہے کہ اس سلسلے میں متحدہ قومی موومنٹ کے ممبران پارلیمنٹ کاایک وفدلندن میں الطاف حسین سے بھی ملاقات کریگااوران سے متحدہ قومی موومنٹ کی جماعت سے اپنے آپ کوعلیحدہ کرکے جماعت کی قیادت کسی دوسرے ممبرکے سپردکرنے کی اپیل کی جائے گی ۔اس سلسلے میں متحدہ قومی موومنٹ کے بعض ممبران نے حکومت کویہ اشارہ دیدیاہے کہ الطاف حسین موجودہ ملکی حالات کے پیش نظرجماعت کی قیادت سے دستبردارہونے کیلئے تیارہوچکے ہیں