ایم کیو ایم کا بھارتی ہائی کمشنر کو خط ملک دشمنی اور غداری ہے،خواجہ آصف،جے یوآئی اور ایم کیو ایم نے ڈی سیٹ کی تحاریک غیر مشروط واپس لیں،بھارتی مداخلت کے معاملات اقوام متحدہ سمیت ہر فورم پراٹھائیں گے،تحریک انصاف سیاسی بصیرت کا مظاہرہ کرتے ہوئے جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ پر معذرت کرے،وزیر دفاع کی میڈیا سے گفتگو

جمعہ 7 اگست 2015 08:42

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔7 اگست۔2015ء)وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ ایم کیوایم کا بھارتی ہائی کمشنر کو خط لکھنا ملک سے دشمنی اور غداری ہے،ایسا کرنے والوں کو پاکستانی نہیں سمجھتا،تحریک انصاف کو ڈی سیٹ کرنے کی تحریک کے حوالے سے ایم کیو ایم اور جے یو آئی (ف)نے غیر مشروط طور پر قرار داد واپس لی ہے،جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ پر قوم سے معافی مانگنے کا فیصلہ تحریک انصاف خود کرے ،پی ٹی آئی اگر اپنے رویے پر معذرت کرے گی تواس کا بہتر اثر پڑے گا، پارلیمنٹ ہاوٴس کے باہرمیڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر دفاع و بجلی و پانی خواجہ آصف نے کہا کہ حالات چاہے جیسے بھی ہوں، دشمن کا دروازہ نہیں کھٹکھٹانا چاہیے،جو بھی پاکستانی شخص بھارت کا دروازہ کھٹکھٹائے وہ ملک دشمن تصور ہوگا، ایم کیوایم کا بھارتی ہائی کمشنرکوخط لکھنا ملک دشمنی ہے، وہ ایسا کرنے والوں کو پاکستانی بھی نہیں سمجھتے۔

(جاری ہے)

بھارتی جارحیت اور مداخلت کے معاملات اقوام متحدہ سمیت ہر فورم پراٹھائیں گے،انہوں نے کہا کہ پاک بھارت مذاکرات کا سلسلہ جاری رہنا چاہیے یہ دونوں ملکوں کے مفاد میں ہے ،پاکستانی مشیر خارجہ بھارت کا دورہ کریں گے جو ایک مثبت پہلو ہے، انہوں نے کہا کہ الطاف حسین نے اپنی تقاریر میں پاک فوج کے خلاف جو زبان استعمال کی وہ قابل مذمت ہے اس پر دو رائے نہیں ہو سکتیں اس کی ہم مذمت کرتے رہیں لیکن ایم کیوایم پارلیمنٹ میں نمائندگی رکھنے والی جماعت ہے اس لئے اس سے رابطے رکھنا حکومت کی ضرورت ہے۔

وزیردفاع کا کہنا تھا کہ ایم کیوایم اور جے یو آئی (ف) نے تحریک انصاف کو ڈی سیٹ کرنے سے متعلق تحاریک غیر مشروط طور پر واپس لی ہیں، پارلیمنٹ میں تمام جماعتیں ذمہ داری کا مظاہرہ کررہی ہیں، جس کی وجہ سے پارلیمنٹ کا کردار جمہوریت کے لئے خوش آئند ہے، تحریک انصاف نے عدلیہ اور احتجاج کے حربے استعمال کئے ہیں، اب تحریک انصاف کو عوام کے مفاد کے لیے کام کرنا چاہیے، منفی رویے ہمیشہ جمہوریت کو نقصان پہنچاتے ہیں، تحریک انصاف کی قیادت کوبھی سیاسی بصیرت کی تقلید کرنی چاہے۔

انہوں نے کہا کہ تحریک کے حوالے سے جس طرح سیاستدانوں نے ذمہ داری کا مظاہرہ کیا ہے اس سے پہلے کبھی بھی ایسا نہیں ہواہے میں تمام سیاسی جماعتوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں جنہوں نے پارلیمنٹ کی بالادستی اور جمہوریت کے لئے اپنا کردار ادا کیا ہے،ایک سوال کے جواب میں وزیر دفاع نے کہا کہ فوج نے جو احتساب کا عمل شروع کیا ہے یہ بہت اچھا اقدام ہے فوج کی طرح ملک بھر کے تمام اداروں میں ایسا ہی احتساب ہونا چاہیے۔