این جی اوز کو فنڈنگ کی تفصیلات مہیا کریں،سپریم کورٹ کی صوبوں کو ہدایت،وزارت داخلہ کی کارکردگی سامنے آ گئی، ابھی تک ملک میں کام کرنیوالی این جی اوز سے متعلق بنیادی معلومات فراہم نہیں کی جا سکی ہیں،بیرونی فنڈنگ دہشت گردی کیلئے آکسیجن ہے اگر غیر ملکی فنڈنگ روک دی جائے تو دہشت گرد اپنی موت آپ مر جائیں گے،جسٹس جواد خواجہ

جمعہ 7 اگست 2015 08:39

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔7 اگست۔2015ء) سپریم کورٹ نے این جی اوز سے متعلق کیس کی سماعت کو ملتوی کرتے ہوئے صوبوں کو ہدایت کی ہے کہ لاء اینڈ جسٹس کمیشن کے تیار کردہ فارم کو پر کریں اور این جی اوز کی فنڈنگ سے متعلق تمام تفصیلات مہیا کریں۔ نامزد چیف جسٹس جواد ایس خواجہ کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔سماعت کے دوران ریمارکس دیتے ہوئے جسٹس جواد ایس خواجہ نے کہا کہ حکومت دعوے کررہی ہے کہ ہم نے نیشنل ایکشن پلان کے حوالے سے بہت کچھ کر لیا ۔

وزارت داخلہ کی کارکردگی سامنے آ گئی ہے ابھی تک ملک میں کام کرنے والی این جی اوز سے متعلق بنیادی معلومات فراہم نہیں کی جا سکی ہیں ۔ پانچوں حکومتیں اس حوالے سے ناکام ہو چکی ہیں ۔ بیرونی فنڈنگ دہشت گردی کے لئے آکسیجن ہے اگر غیر ملکی فنڈنگ روک دی جائے تو دہشت گرد اپنی موت آپ مر جائیں گے ۔

(جاری ہے)

یہ ریمارکس انہوں نے جمعرات کے روز این جی اوز سے متعلق کیس کی سماعت کرتے ہوئے دیئے جبکہ صوبائی حکومتوں کے لاء افسران نے رپورٹ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ پنجاب میں 47403 این جی اوز کام کر رہی ہیں سندھ میں 6150 این جی اوز رجسٹرڈ ہیں ۔

خیبرپختونخوا میں 10 ہزار ، بلوچستان میں 1800 این جی اوز رجسٹرڈ ہیں اور بلوچستان میں 2500 غیر رجسٹرڈ این جی اوز کام کر رہی ہیں جبکہ لاء اینڈ جسٹس کمیشن پاکستان کے سیکرٹری سرور خان نے عدالت کو بتایا کہ وزارت داخلہ سے ابھی تک متعلقہ معلومات نہیں ملی ہیں جس پر جسٹس جواد ایس خواجہ نے کہاکہ بڑے بڑے دعوے ہو رہے ہیں کہ ہم نے بڑے بڑے کام کر دیئے لیکن ابھی تک وزارت داخلہ این جی اوز سے متعلق بنیادی معلومات فراہم نہیں کر سکی۔

ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے رپورٹ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ 63 این جی اوز کا مکمل ڈیٹا موجود ہے اس پر عدالت نے کہاکہ ان کو ویب سائیٹ پر ڈال دیا جائے ۔ صوبائی حکومتوں میں فنڈنگ بارے تفصیلات مکمل نہ ہونے پر عدالت نے برہمی کا اظہار کیا ۔ فنڈنگ بارے صرف پنجاب حکومت رپورٹ پیش کر سکی جس کے مطابق پنجاب میں این جی اوز کی کل فنڈنگ 2015-15 میں 2 ارب 77 کروڑ ہے جس میں 88 کروڑ غیر ملک کی ہے رپورٹ نہ ملنے پر عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تمام صوبے لا اینڈ جسٹس کمیشن کے پروفارم کو مکمل کریں تاکہ این جی اوز فنڈنگ بارے تمام تفصیلات سامنے آ سکیں اور وفاق کو اس بارے میں ڈیٹا مرتب کرنے کے لئے 20 اگست تک مہلت دیتے ہوئے سماعت 20 اگست تک ملتوی کر دی ۔