بھارت گرفتار کارکنوں کی رہائی کے اقدام کریں،ایم کیوا یم کا بھارتی ہائی کمشنر کو خط،ایجنسیوں نے 12 ہمدردوں اور کارکنوں کو کراچی سے حیدر آباد جاتے ہوئے حراست میں لیا 8 کو رہا کردیا 4 ابھی ایجنسیوں کی تحویل میں ہیں،بھارت انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر آواز بلند کرے اور معاملے کا نوٹس لے،ایم کیوا یم کے 3ارکان کی طرف سے لکھا گیا خط منظر عام پر آگیا، غیر ملکی سفارتخانوں کو خطوط لکھنا معمول کی بات ہے، کاپیاں وزیراعظم، آرمی چیف اور دیگر اداروں میں جاتی ہیں،رہنماایم کیوایم وسیم اختر

جمعہ 7 اگست 2015 08:35

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔7 اگست۔2015ء) متحدہ قومی موومنٹ کا اپنے 12ہمدرد اور کارکنوں کی پاکستان میں گرفتاری کے حوالے سے بھارتی ہائی کمیشن کو لکھا گیاخط منظر عام پر آگیا۔ خط میں کارکنوں اور ہمدردوں کی رہائی کے لئے بھارت کو اقدامات کرنے اورمعاملہ عالمی سطح پر اٹھانے کا کہا گیا ہے ۔ جمعرات کے روز متحدہ قومی موومنٹ کا بھارتی ہائی کمیشن کو لکھا گیا خط منظر عام پر آگیا متحدہ کے تین رہنماؤں کی جانب سے خط بھارتی ہائی کمشنر سی اے راگھوان کے نام لکھا گیا خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ ایجنسیوں نے متحدہ قومی موومنٹ کے بارہ ہمدردوں اور کارکنوں کو کراچی سے حیدر آباد جاتے ہوئے حراست میں لیا ہے جن میں سے آٹھ کو رہا کردیا جبکہ چار کارکن اسد رضا ، شاہان رحمان ، ولید کمال ، سعد ہاشمی ابھی بھی ایجنسیوں کی تحویل میں ہیں جن کی جان کو شدید خطرات لاحق ہیں اس حوالے سے بھارت اقدامات کرے اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر عالمی سطح پر آواز بلند کرے بھارت اس معاملے کو دیکھے اور نوٹس لے۔

(جاری ہے)

ایم کیو ایم کی جانب سے بھارتی ہائی کمیشن کو خط تیس جولائی کو لکھا گیا جس میں متحدہ کے تین رہنماؤں کے دستخط بھی موجود ہیں جبکہ اس حوالے سے پاکستانی حکام کو آگاہ نہیں کیا گیا ۔ واضح رہے کہ متحدہ نے اس حوالے سے کارکنوں کی رہائی کیلئے احتجاج اور دھرنا بھی دیا تھا مگر تحریری طور پر اداروں اور حکومتی وفد سے رابطہ نہیں کیا ۔ اس معاملے پر ایم کیو ایم کے رہنما وسیم اختر نے اپنا ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ غیر ملکی سفارتخانوں کو خطوط لکھنا معمول کی بات ہے ایم کیو ایم نے 55سے زائد ممالک کو خطوط لکھے ہیں جبکہ غیر ملکی سفارتخانوں کو لکھے گئے خطوط کی کاپیاں وزیراعظم ، آرمی چیف اور دیگر اداروں میں بھی جاتی ہیں متحدہ نے امریکہ ، چین ، آسٹریا ، برطانیہ سمیت دیگر ملکوں کو خطوط لکھے مگر جو بھارت کو لکھے جانے والے خط پر الزام تراشی کرنا افسوسناک عمل ہے جس کی مذمت کرتے ہیں ۔