آئی ایس آئی نے غیر ملکی دہشتگردوں کے شناختی کارڈ بنوانے میں ملوث چالیس اہلکاروں کی فہرست چیئرمین نادرا کو دے دی ، چیئرمین نادرا کا ملوث اہلکاروں کیخلاف انکوائری کا حکم ، لاہور اور ڈی آئی خان کے دفاتر بھی مکروہ دھندے میں ملوث رہے ، ترجمان نادرا

جمعہ 7 اگست 2015 08:35

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔7 اگست۔2015ء) نیشنل ڈیٹا بیس رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا ) کے اعلیٰ افسران نے کئی دہشتگردوں اور شدت پسندوں کو جعلی پاکستانی شناختی کارڈ بنوانے میں مدد کی تھی ۔ غیر ملکی دہشتگردوں کے شناختی کارڈ بنوانے میں ملوث اہلکاروں کی فہرست آئی ایس آئی نے چیئرمین نادرا کے حوالے کردی ہے ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اس بات کاانکشاف ملک کی سب سے بڑی ایجنسی آئی ایس آئی کی جانب سے چیئرمین نادرا کے ساتھ رپورٹ شیئر کرنے کے وقت ہوا ہے ۔

آئی ایس آئی کی جانب سے چیئرمین نادرا کے ساتھ شیئر ہونے والی رپورٹ میں ان چالیس اہلکاروں کی فہرست بھی شامل ہے جو جعلی شناختی کارڈ بنوانے میں ملوث رہے ان میں کئی ریٹائرڈ آرمی افسران بھی شامل ہیں جو اس وقت کراچی کے نادرا آفس میں اہم عہدوں پر تعینات ہیں ۔

(جاری ہے)

رپورٹ کے مطابق جامع انٹیلی جنس جانچ پڑتال کے بعد معلوم ہوا ہے کہ کئی نادرا اہلکار دہشتگردوں اور شدت پسندوں کو جعلی شناختی کارڈ کے حصول میں سہولیات فراہم کرنے میں ملوث ہیں یہ انکوائری اس وقت شروع کی گئی جب سکیورٹی فورسز کو ملکی و غیر ملکی کے قبضے سے پاکستانی پاسپورٹس اور شناختی کارڈ برآمد ہوئے رپورٹ کے مطابق نادرا کے کیماڑی میں قائم رجسٹریشن سنٹر نے افغان اور بنگالی شہریوں کو دس ہزار سے بیس ہزار روپے میں شناختی کارڈ فراہم کئے جبکہ بہاولپور اور ڈی آئی خان میں بھی یہ دھندہ جاری ہے نادرا ترجمان کا کہنا ہے کہ جیسے ہی انہیں اس حوالے سے معلومات ملی ہیں انہوں نے غیر ملکیوں کو جاری شناختی کارڈ کو منسوخ کردیا ہے اور چیئرمین نادرا نے ملوث اہلکاروں کیخلاف انکوائری اور کارروائی کا حکم دے دیا ہے ۔

متعلقہ عنوان :