جے یو آئی ف کی تحریک انصاف کیخلاف اپنی تحریک واپس لینے پر مشروط آمادگی ،پارلیمنٹ ہاوٴس میں آج نئی قراردادپیش کی جائے گی،ہمیں اب تجدیدعہدکے ساتھ آگے بڑھناہے، مولانا فضل الرحمن

جمعرات 6 اگست 2015 09:02

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔6 اگست۔2015ء)جمعیت علماء اسلام (ف )نے تحریک انصاف کے اراکین اسمبلی کو ڈی سیٹ کرنے سے متعلق تحریک و اپس لینے کی مشروط طورپررضامندی ظاہرکردی ،آج جمعرات کوپارلیمنٹ ہاوٴس میں نئی قراردادپیش کی جائے گی ۔تفصیلات کے مطابق اسلام آبادمیں مولانافضل الرحمن کی رہائش گاہ پرمولانافضل الرحمن اورحکومتی وفدکے درمیان ملاقات ہوئی ،حکومتی وفدمیں محمودخان اچکزئی،وزیراطلاعات ونشریات پرویزرشیداور آصف کرمانی شامل تھے ۔

اس موقع پرحکومتی وفدنے مولانافضل الرحمن سے درخواست کی کہ تحریک انصاف کے خلاف ایوان میں پیش کی گئی تحریک التواء کوواپس لیاجائے ،جس پرمولانافضل الرحمن نے مہلت مانگتے ہوئے کہاکہ مجھے پارٹی اراکین سے مشاورت لینے کاموقع دیاجائے ۔

(جاری ہے)

بعدازاں مولانافضل الرحمن نے تحریک انصاف کے خلاف تحریک التواء کوواپس لینے پرمشروط آمادگی ظاہرکردی ۔

میڈیاسے گفتگوکرتے ہوئے مولانافضل الرحمن نے کہاکہ ایوان میں تحریک کے خلاف قراردادمتفقہ طورپرمنظورہوئی توتحریک التواء کوواپس لے لیں گے ،پہلے قراردادواپس لینے کیلئے نئی قراردادلائیں گے ،ان کاکہناتھاکہ وزیراعظم نے باربارتحریک التواء واپس لینے کی درخواست کی ۔آج جمعرات کوپارلیمنٹ میں نئی قراردادپیش کی جائے گی ،ہمیں اب تجدیدعہدکے ساتھ آگے بڑھناہے