برطانوی وزیر دفاع کی وزیراعظم نواز شریف، وزیر داخلہ چوہدری نثار ، آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے ملاقاتیں،دہشتگردی کیخلاف جتنی قربانیاں ہماری فورسز نے دی ہیں کسی نے نہیں دیں ، پاکستان خطہ میں امن کا خواہاں ہے،چوہدری نثار ،برطانوی وزیر دفاع کا جی ایچ کیو کا دورہ،یادگار شہداء پر پھول چڑھائے،آئی ایس پی آر

جمعرات 6 اگست 2015 08:52

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔6 اگست۔2015ء)وزیر اعظم محمد نواز شریف سے برطانوی وزیر دفاع نے ملاقات کی ہے جس میں پاک برطانیہ تعلقات اورباہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا،وزیر اعظم نے برطانوی وزیر اعظم کو مبارکبادی پیغام بھی بھجوایا۔ترجمان وزیر اعظم ہاؤس مصدق کے مطابق بدھ کے روزبرطانوی وزیر دفاع مائیکل فالن نے یہاں وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقات کی ہے جس میں پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تعلقات ،علاقائی صورت حال سمیت دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا،وزیر اعظم نواز شریف برطانیہ میں کنزرویٹو پارٹی کی کامیابی پر برطانوی وزیر دفاع کو مبارکباد پیش کی ہے اور برطانوی وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون کو بھی مبارکبادکا پیغام بھجوایا ،ترجمان کے مطابق برطانوی وزیردفاع مائیکل فالن نے پاکستانی تارکین وطن کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے تعلقات وقت کے ساتھ ساتھ مزید مضبوط ہو رہے ہیں،دونوں ملکوں کے درمیان تجارت ،سرمایہ کاری ،تعلیم اور دیگر شعبوں میں تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں،دونوں رہنماؤں نے تزویراتی مذاکرات کے تحت تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔

(جاری ہے)

ادھروفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ دہشتگردی کیخلاف جنگ میں جتنی قربانیاں ہماری فورسز نے دی ہیں اتنی کسی نے نہیں دیں ۔ پاکستان خطہ میں امن کا خواہاں ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز برطانوی وزیر دفاع مائیکل فیلن سے پنجاب ہاؤس میں ملاقات کے دوران کیا ملاقات میں پاک برطانیہ سٹرٹیجک تعلقات دہشتگردی کیخلاف جنگ ، سکیورٹی کے شعبہ میں تعاون کو مزید فروغ دینے جیسے اہم معاملات پر بات چیت ہوئی وزیر داخلہ نے برطانیہ میں موجودہ حکومت کی الیکشن میں جیت پر وزیر دفاع کو مبارکباد دی اور کہا کہ الیکشن میں واضح برتری پر عوام کا پارٹی پراعتماد کا مظہر ہے اور امید ظاہر کی کہ نئی حکومت اقتدار میں پاک برطانیہ تعلقات میں مزید مضبوطی اور وسعت آئے گی اور اور سٹرٹیجک تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا دونوں ممالک کے درمیان طے شدہ سکیورٹی روڈ میپ کی جلد تکمیل کیلئے دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے اس موقع پر وزیر دفاع نے کہا کہ پاکستانی عوام فوج اور دیگر سکیورٹی اداروں نے دہشتگردی کی جنگ میں بے پناہ قربانیاں دی ہیں جو کسی اور ملک نے نہیں دیں ۔

برطانوی وزیر دفاع نے کہا کہ برطانیہ پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مزید فروغ دینا چاہتا ہے پاکستان کے ساتھ ہر ممکن تعاون جاری رکھیں گے ۔آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے برطانوی وزیر دفاع مائیکل فالن نے ملاقات کی ہے جس میں پاک برطانیہ تعلقات ،دفاعی تعاون سمیت سکیورٹی کے حوالے سے خطے کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈائر یکٹر جنرل میجر جنرل عاصم سلیم باجوہ کی جانب سے جاری بیان میں کہاگیا ہے کہ بدھ کے روز برطانوی وزیر دفاع مائیکل فالن نے جی ایچ کیو کا دورہ کیا ہے اور شہداء کی یادگار پھول چڑھائے اور گارڈز آف آنر بھی پیش کیا گیا اس موقع پر انہوں نے آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے ملاقات کی ہے جس میں پاک برطانیہ تعلقات سمیت دفاعی تعاون ،فوجیوں کی ٹرینگ اور سکیورٹی کے حوالے سے خطے کی مجموعی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا ،ترجمان کے مطابق ملاقات میں دہشت گردی کے حوالے سے امور زیر بحث آئے ،برطانوی وزیر دفاع نے دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے کردار اور آپریشن ضرب عضب میں پاک فوج کی قربانیوں کو سراہا ہے۔