الطاف حسین کیخلاف صوبائی اسمبلیوں میں قراردادیں جمع،ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کو ملک میں لاکر ان کیخلاف غداری کا مقدمہ درج کیا جائے‘اپوزیشن ارکان

منگل 4 اگست 2015 09:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔4 اگست۔2015ء) متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین کیخلاف ایک قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کروادی گئی ہے۔ پنجاب اسمبلی میں حزب اختلاف کے اراکین کے دستخطوں سے جمع کرائی جانیوالی قرارداد میں ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کے خالیہ بیان پر شدید مذمت کا اظہار کیا گیا ہے اور مطالبہ کیا گیا ہے کہ ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کو ملک میں لاکر ان کیخلاف غداری کا مقدمہ درج کیا جائے۔

اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی میاں محمود الرشید کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کیخلاف پاک فوج کی خدمات لائق تحسین ہیں۔آزادکشمیر حکومت نے بھی ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کے خلاف قرارداد قانون ساز اسمبلی میں جمع کرادی ہے جس میں الطاف حسین کی حالیہ متنازعہ تقریر کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ فی الفور الطاف حسین کے خلاف بغاوت کے مقدمات درج کروا کر عالمی قوانین کے مطابق قرار واقعی سزا دلوانے میں سفارتی رابطوں کو تیز تر کیا جائے۔

(جاری ہے)

وزیر خزانہ حکومت آزاد کشمیر چودھری لطیف اکبر پیر کے روز اسمبلی سیکرٹریٹ میں ایڈیشنل سیکرٹری اسمبلی عبدالغفار صابر کے پاس اہم قرار داد جمع کروا دی ہے جس کا متن یہ ہے ۔ریاست جموں و کشمیر کا یہ معزز ایوان ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کی طرف سے مملکت خداداد پاکستان کے وقار ، قومی تشخص کو مجروح کرنے اور مایہ ناز بہادر افواج پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی کے ذریعے قومی سلامتی کے اداروں کی بدنامی منتخب جمہوری حکومت کے خلاف سازشوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے وفاقی حکومت سے مطالبہ کرتا ہے کہ فی الفور ملکی سلامتی کو داؤ پر لگانے والے برطانوی شہری الطاف حسین کے خلاف بغاوت کے مقدمات درج کروا کر عالمی قوانین کے مطابق قرار واقعی سزا دلوانے میں فوری سفارتی رابطوں کو تیز تر کرے ۔

یہ معزز ایوان الطاف حسین کی طرف سے بھارت سمیت دیگر غیر ملکی قوتوں کی مداخلت کے مطالبے کو شرمناک ، بے ہودہ ، قومی غیرت و حمیت کے منافی قرار دیتا ہے نیز افواج پاکستان اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے خلاف آئے روز اشتعال انگیز تقاریر سے قومی یکجہتی میں انارکی پیدا کرنے کی کوشش کو سوچی سمجھی سازش سے تعبیر کرتے ہوئے صریحاً ملک دشمنی تصور کرتا ہے ۔

معزز ایوان کی رائے میں آئین پاکستان کے مغائر کسی بھی اقدام میں ملوث کوئی فرد بھی مبرا قرار نہیں دیا جا سکتا ۔ ریاست جموں و کشمیر کا یہ معزز ایوان پاکستان کی سلامتی ، ناقابل تسخیر دفاع کو اپنے ایمان کا جزو لانیفک تصور کرتے ہوئے مسلح افواج پاکستان اور اپنے پاکستانی بھائیوں کا اس امر کا یقین دلاتا ہے کہ مشکل کی ہر گھڑی میں اہل کشمیران کے شانہ بشانہ خون کا آخری قطرہ نچھاور کرنے سے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کریں گے ۔

یہ معزز ایوان مسلح افواج پاکستان کی طرف سے آپریشن ضرب عضب شروع کرنے کے بعد قومی اور عالمی سطح پر دہشت گردوں کا نیٹ ورک توڑنے اور بالخصوص کراچی میں غیر ملکی شرپسند عناصر کی بڑھتی ہوئی انسانیت سوز کارروائیوں کو قانون کی گرفت میں لانے کے لئے حاصل کی جانے والی کامیابیوں پر عمیق قلب سے خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اپنا آج آنے والے کل پر قربان کرنے والے مایہ ناز سپوتوں کو خراج عقیدت پیش کرتا ہے یہ معزز ایوان سپہ سالار پاکستان جنرل راحیل شریف کی طرف سے ہر موقع پر ڈیڑھ کروڑ کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی دو ٹوک حمایت کرنے پر ان کا شکریہ ادا کرتا ہے ۔

نیز بھارت کی طرف سے لائن آف کنٹرول ، ورکنگ باؤنڈری کی مسلسل خلاف ورزیوں سے عسکری جارحیت کا ارتکاب اور پاکستان کے خلاف میڈیا ٹرائل تحریک آزادی کشمیر کو بدنام کرنے کی بھونڈی سازشوں کی پرزور الفاظ میں مذمت کرتا ہے اور عالمی برادری سے مطالبہ کرتا ہے کہ بھارت کے توسیع پسندانہ عزائم کو رکوانے کے لئے اقوام متحدہ کے چارٹر اور سیکیورٹی کونسل کی منظور شدہ قراردادوں کے مطابق فوری مسئلہ کشمیر کا دیرپا حل کروانے میں اپنا کلیدی کردار ادا کرے ۔اہم قرار داد کو ایوان میں پیش کرنے کے لئے رواں ہفتے ( جمعرات ) کے روز قانون ساز اسمبلی کا اہم اجلاس متوقع ہے جس میں ایوان قرار داد کی منظوری دے گا ۔