وزیر اعظم سے آرمی چیف کی ملاقات ،اندرونی و سرحدی سلامتی کی صورت حال پر تبادلہ خیال،دونوں رہنماؤں کا آپریشن ضرب عضب اورقومی ایکشن پلان کے تحت کارروائیو ں پر اطمینان کا اظہار،وزیر داخلہ نے الطاف حسین کے حالیہ بیانات اور معاملہ کو برطانیہ کے سامنے اٹھانے پر بریفنگ دی،ملاقات میں کنٹرول لائن پربھارتی جارحیت،سلامتی مشیروں کی متوقع ملاقات ،ملاعمر کی ہلاکت اور امن مذاکرات کی جلد بحالی پر اتفاق کیا گیا،ترجمان وزیر اعظم ہاؤس، آرمی چیف کا انسداد منشیات کے ہیڈکوارٹر کا بھی دورہ ،منشیات بنانے اور بیچنے والے دونوں دہشت گرد ہیں ڈرگ مافیا کونسل تباہ کرنے کی اجازت نہیں دیں گے ، آ رمی چیف

منگل 4 اگست 2015 08:45

اسلام آباد، را ولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔4 اگست۔2015ء)وزیر اعظم نواز شریف سے آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے ملاقات کی ہے جس میں ملک کے اندرونی و سرحدی سلامتی کی صور تحال ،آپریشن ضرب عضب ،آئی ڈی پیز کی واپسی ،قومی ایکشن پلان کے تحت ملک بھر میں کارروائیاں ،ملاعمر کی ہلاکت ،امن مذاکرات ،الطاف حسین کے حالیہ بیانات سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا،وزیر اعظم ہاؤس کے ترجمان مصدق ملک کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پیر کے روز آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے یہاں وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقات کی ہے ،اس موقع پر وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان ،وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور ڈی جی آئی ایس آئی رضوان اختربھی موجود تھے۔

آرمی چیف نے آپریشن ضرب عضب اور قومی ایکشن پلان کے تحت ملک بھر میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف جاری کارروائیوں میں ہونے والی کامیابیوں پر تفصیلی بریفنگ دی جبکہ ملک کے اندرونی اور سرحدی سلامتی کے حوالے سے بھی وزیر اعظم کو آگاہ کیا،دونوں رہنماؤں نے آپریشن ضرب عضب اور قومی ایکشن پلان کے تحت کارروائیوں پر اطمینان کا اظہار کیا ہے،ترجمان نے بتایا کہ آ رمی چیف نے دورہ اٹلی میں حکام سے ہونے والی ملاقاتوں بارے میں وزیر اعظم کو اعتماد میں لیا،ترجمان کے مطابق ڈی جی آئی ایس آئی نے آئی ڈی پیز کی واپسی اور علاقے میں تعمیر و ترقی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی ا س موقع پر وزیر اعظم نواز شریف نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو ہدایت کی کہ آئی ڈی پیز کی بحالی اور تعمیر و ترقی کیلئے تمام تر فنڈز بروقت فراہم کئے جائیں،ترجمان نے بتایا کہ دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاعمر کی ہلاکت کے بعد ہونے والی صورت حال اور افغان حکومت اور طالبان کے درمیان جاری مذاکرات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور امن مذاکرات میں پاکستان کے ثالثی کردار پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے تعطل مذاکرات جلد از جلد بحال کرنے کی کوششوں پر اتفاق کیا گیا،ملاقات میں کنٹرول لائن پر بھارتی جارحیت کامعاملہ بھی زیر بحث آیا اور دونوں رہنماؤں نے پاک بھارت کے قومی سلامتی کے مشیروں کے درمیان ہونے والی متوقع ملاقات پر بھی تبادلہ خیال کیا ہے،ترجمان نے بتایا کہ ملاقات کے دوران ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کے حالیہ بیان کا بھی نوٹس لیا ہے ،اس موقع پر وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے الطاف حسین کے حالیہ بیانات اور معاملے کو برطانوی حکومت کے سامنے اٹھانے،عمر فاروق قتل کیس ،منی لانڈرنگ بارے تفصیلی بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

پا ک فو ج کے شعبہ تعلقا ت عامہ کے مطابق اس سے قبل آرمی چیف نے انسداد منشیات کے ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا اس موقع پر ڈی جی اے این ایف نے جنرل راحیل شریف کو منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف جاری آپریشن سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ منشیات سے حاصل ہونے والی رقم دہشت گردی کی کارروائیوں میں استعمال ہورہی ہے جس سے نمٹنے کے لئے مزید سخت اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔

اس موقع پر جنرل راحیل شریف کا کہنا تھا کہ منشیات فروش اور دہشتگرد دونوں ہی آئندہ کی نسل تباہ کرنے کی سازش میں مصروف ہیں ۔ منشیات بنانے والے اور بیچنے والے دونوں دہشت گرد ہیں ڈرگ مافیا کونسل تباہ کرنے کی اجازت نہیں دیں گے ۔ اس حوالے سے منشیات فروشوں اور دہشت گردوں کے ساتھ آئینی ہاتھوں سے نمٹیں گے اور ملک بھر سے ان عناصر کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا ۔ بریفنگ کے اختتام پرآرمی چیف نے 15-2014 میں ریکارڈ منشیات پکڑنے پر اینٹی نارکوٹکس فورس کی کارکردگی کو سراہا اور شہدا کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔