جوڈیشل کمیشن کا فیصلہ، بے ضابطگیوں میں ملوث آر اوز ، انتخابی عملے اور الیکشن کمیشن اہلکاروں کیخلاف کارروائی کا فیصلہ

اتوار 2 اگست 2015 09:21

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔2 اگست۔2015ء) الیکشن کمیشن آف پاکستان کا جوڈیشل کمیشن کے فیصلہ کی روشنی میں الیکشن 2013ء میں ہونے والی بے ضابطگیوں میں ملوث ریٹرننگ افسران ، انتخابی عملے اور الیکشن کمیشن کے اہلکاروں کے خلاف کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے فرائض میں کوتاہی، ووٹنگ کے عمل میں اثر انداز ہونے کسی خاص جماعت کی حمایت یا مخالفت کرنے ، انتخابی نتائج میں ردوبدل کرنے کا الزام ثابت ہونے پر عملے کیخلاف تادیبی کارروائی عمل میں لاتے ہوئے چھ ماہ سے دو سال تک قید کی سزا یا دو سو سے دو ہزار روپے تک جرمانے کا فیصلہ کیا ہے الیکشن کمیشن کی جانب سے یہ اقدام چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی جانب سے چیف الیکشن کمیشن کو لکھے گئے خط کی بنیاد پر کیا جائے گا عمران خان نے چیف الیکشن کمشنر سردار رضا خان کو تحریر کردہ مراسلے میں انکوائری کمیشن کی رپورٹ پر ریٹرننگ افسران کیخلاف فوری کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔

ذرائع کے مطابق چیف الیکشن کمشنر نے مراسلے پر کمیشن ارکان سے تبادلہ خیال کیا جس میں اس امر پر اتفاق کیا گیا کہ جوڈیشل کمیشن کی روشنی میں تحریک انصاف کے مطالبے پر غور کیاجائے گا ۔