پیٹرولیم مصنوعات کے نرخوں میں معمولی کمی،13 فیصد جی ایس ٹی عائد،حکومت ایک بار پھر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا چکر دیکر عوام پر مزید ٹیکس کابوجھ ڈالنے میں کامیاب،بھارت نے ایک ماہ میں تیسری بار پیٹرول کے نرخ کم کرکے عوام کو دو روپے 43 پیسے کمی کا تحفہ دیا، پاکستان نے ایل پی جی دس روپے فی کلو کمی کی، بھارت نے اپنی کرنسی کے مطابق 23 روپے فی کلو کمی کی

اتوار 2 اگست 2015 08:59

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔2 اگست۔2015ء) مالیاتی اعداد و شمار پر مہارت رکھنے والی حکومت ایک بار پھر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا چکر دیکر عوام پر مزید ٹیکس کابوجھ ڈالنے میں کامیاب رہی۔ پیٹرولیم مصنوعات میں معمولی کمی کرکے وفاقی حکومت نے تیرہ فیصد جنرل سیلز ٹیکس عائد کردیا اس طرح حکومت بھرپور فائدے میں رہی ایک رپورٹ کے مطابق پڑوسی ملک بھارت میں ایک ماہ کے اندر تیسری بار پیٹرولیم مصنوعات میں کمی کی گئی ہے۔

پاکستان میں پیٹرول کی قیمت میں ایک روپے تین پیسے کمی کی گئی جبکہ بھارت نے عالمی مارکیٹ کو سامنے رکھتے ہوئے عوام کو دو روپے 43 پیسے کمی کا تحفہ دیا جو کہ پاکستان کی نسبت اس لئے بھی زیادہ ہے کہ پاکستانی کرنسی کی قدر بھارتی کرنسی سے کم ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان میں ڈیزل کی قیمت دو روپے چھ پیسے کم کی گئی جبکہ بھارت نے ڈیزل کی مدمیں بھی عوام کو تین روپے ساٹھ پیسے کمی کرکے ریلیف دیا اور جی ایس ٹی بھی عائد نہیں کیا گیا اس طرح ایل پی جی کی قیمت میں پاکستان نے دس روپے فی کلو کمی کی ہے جبکہ بھارت نے اپنی کرنسی کے مطابق 23 روپے فی کلو کمی کی ہے۔

دلچسپ امر یہ ہے کہ پاکستان کی جمہوریت حکومت نے ایک طرف تیرہ فیصد جی ایس ٹی لگا کر بھرپور فائدہ اٹھایا اور دوسری طرف میڈیا پر پراپیگنڈا کے ذریعے عوام کو یہ احسان بھی جتلایا گیا کہ حکومت عوامی ریلیف کیلئے اربوں روپے کی سبسڈی دے رہی ہے جبکہ حقیقت اس کے برعکس ہے۔